انٹرنیشنل بکلوریٹ نے ایم ایڈ سکالرشپ فراہمی کے لیے یونیورسٹی آف دی پیپل کے ساتھ شراکت کرلی

اسلام آباد/ پاکستان۔18 جنوری، 2023۔۔ دی انٹرنیشنل بکلوریٹ آرگنائزیشن (IB)نے یونیورسٹی آف دی پیپل کے ساتھ شراکت داری کرتے ہوئے آن لائن ماسٹر آف ایجوکیشن (ایم ایڈ)کی ڈگری حاصل کرنے کے خواہش مند اساتذہ کے لیے ٹیوشن فری سکالرشپ فراہمی کے لیے درخواستوں کی وصولی کا اعلان کردیاہے۔ مکمل طورپر فنڈڈ ان وظائف کے اجراء سے آئی بی کا مقصد معیاری تعلیم کی رسائی میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنا اورسال 2030 تک دنیا بھر میں 6کروڑ90لاکھ تدریسی پوسٹوں کی ضرورت کو پورا کرنا ہے۔یہ تخمینہ یونیسکو کے ادارہ برائے شماریات کی جانب سے اقوام متحدہ کے پائیدارترقیاتی اہداف میں شامل ہدف نمبر چار کو پورا کرنے کے لیے لگایا گیاہے۔

یو نیورسٹی آف دی پیپل (UoPeople)ایک آن لائن،ٹیوشن فری اورمکمل غیر منافع بخش امریکی یونیورسٹی ہے جو 194 ممالک کے طلباء کو منظور شدہ انڈرگریجویٹ اور گریجویٹ ڈگری پروگراموں تک رسائی فراہم کرتی ہے۔

آئی بی نے 2019 سے اپنے پروگرام کے آغاز سے اب تک 196 اسکالرشپ دیے ہیں تاکہ اساتذہ کو اعلیٰ درجہ کی تعلیمی ڈگری تک رسائی دی جا سکے۔پاکستان میں اب تک آٹھ ماہرین تعلیم کووظائف دیے گئے ہیں جو کہ عالمی سطح پر معیاری اساتذہ کی کمی کو دور کرنے کے لیے ایک مشترکہ کوشش کی علامت ہے۔ یہ اقدام زیادہ سے زیادہ طلبہ کو اعلیٰ تعلیم تک رسائی کی بھی ضمانت دیتاہے۔

اسکالرشپ حاصل کرنے والی ال مسٹرس(Ilmesters) اکیڈمی کی پرنسپل مس نیشا فیروز نے کہاکہ،”تعلیم نے مجھے وہ ٹولز فراہم کیے ہیں جن کی مجھے اپنی ٹیم کی طرف سے استعمال کی جانے والی تدریسی حکمت عملی کو بہتر بنانے کے لیے ضرورت ہے۔ یو نیورسٹی آف پیپل کا نصاب عصری تعلیم کے مطابق ہے اور جو علم میں نے حاصل کیا ہے وہ میری روزمرہ کی زندگی میں بہت زیادہ فائدہ مند ہے۔“

آئی بی، طلباء کو اپنے تعلیمی سفر میں مہارت کے حصول اور ضرورت کے مطابق اپنی صلاحیتوں کو فروغ دینے کے قابل بناتاہے۔ یہ اساتذہ کا معاون ہے جو کیریئر میں بہترین کارکردگی دکھانے میں ان کی مدد کرتا ہے، خاص طور پر وہ لوگ جو اپنی مقامی کمیونٹیز،تدریس اورآئی بی کی تعلیم سے مضبوط وابستگی کا مظاہرہ کرتے ہیں۔اس اسکالرشپ کامقصدایسے نئے اور خواہشمند اساتذہ کی مدد کرنا ہے جن کے پاس سستی ٹیچر ٹریننگ تک رسائی نہیں ہے اور جنہوں نے ابھی تک کسی بھی شعبے میں ماسٹر ڈگری حاصل نہیں کی ہے۔

مزید برآں جن اساتذہ کو سکالرشپس ملیں گے انہیں یو نیورسٹی آف دی پیپل کو درکار درخواست کی فیس اور ایم ایڈکی ڈگری مکمل کرنے کے لیے تمام 13 کورسز کی اسسمنٹ فیس ادا کرنے کے لیے فنڈزفراہم کیے جائیں گے۔ آئی بی کا بنیادی مقصدمعاشرے کی ترقی کے لیے مضبوط ساکھ فراہم کرناہے۔آئی بی کے یونیورسٹی آف دی پیپلز اسکالرشپ کے لیے درخواستوں کی وصولی 11 جنوری سے شروع کردی گئی ہے،درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ 17 مارچ 2023 مقرر کی گئی ہے۔ اسکالرشپس اور درخواست دینے کے طریقہ سے متعلق مزید معلومات کے لیے آئی بی کی ویب سائٹ وزٹ کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں