وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ کا کہنا ہے پاکستان تحریک انصاف کے جنرل سیکرٹری کا گھر بارود خانہ نکلا جو اس بات کا ثبوت ہے کہ سیاست کے لبادے میں دہشتگردی کی سازش ہو رہی ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری بیان میں وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پی ٹی آئی عہدیداروں کے گھروں سے بھاری اسلحہ و گولہ بارود ملنا خونی مارچ کے ثبوت ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی لاہور کے جنرل سیکرٹری کا گھر بارود خانہ نکلا، سیاست کے لبادے میں دہشتگردی کی سازش برداشت نہیں کریں گے، یہ ثبوت ہے کہ عمران نیازی سیاست نہیں کر رہا بلکہ دہشتگردی پر اتر آیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بے گناہ پولیس جوان کمال احمد کے سینے میں لگی گولی کہاں سے آئی، قوم نے دیکھ لیا، ثابت ہو گیا ہے کہ یہ پُرامن سیاسی کارواں نہیں بلکہ مسلح لشکر کشی ہے۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ اسلحے کی برآمدگی اور پنجاب پولیس کے جوان کی شہادت کے بعد عمران نیازی پر اعتبار نہیں کر سکتے، عمران نیازی سے کہتا ہوں کہ خونی انقلاب منسوخ کر دے، آئین و قانون اور امن کا راستہ اپنائے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ عمران نیازی کے پی حکومت کے وسائل اور مشینری اپنے فساد کے لیے استعمال نہ کرے، معیشت کی بنیادوں میں بارود بھرنے والوں کو معاشرے کا امن تباہ نہیں کرنے دیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ آئین اور قانون پر سختی سے عمل ہو گا، قانون صرف اسے پکڑے گا جو قانون ہاتھ میں لے گا، عوام کے جان ومال کا تحفظ ہر قیمت پر یقینی بنائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پونے 4 سال قوم کو وعدوں کے ٹرک کی بتی کے پیچھے لگانے والے اب بتی چوک کی آوازیں لگا رہے ہیں۔