وفاقی بورڈ طلبہ کو سہولیات مہیا کرنے میں تیزی لائے، رانا تنویر حسین

وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ وفاقی بورڈ کی جانب سے طلبہ کو سہولیات اور خدمات فراہم کرنے میں تیزی لائی جائے۔

وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت رانا تنویر حسین نے آج فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیئٹ و سیکنڈری ایجوکیشن کے اقدامات، اصلاحات اور انتظامی امور پر تفصیلی بریفنگ لی۔

وفاقی وزیر تعلیم نے چیئرمین فیڈرل بورڈ قیصر عالم خان کو ہدایت کی کہ فیڈرل بورڈ کے تحت امتحان دینے والے طلبہ کی پاس ہونے کی شرح کو80 فیصد سے بڑھا کر 90 فیصد تک لے جائیں۔

وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین نے کہا کہ اسلام آباد کے اسکولز کی کوالٹی اور انفراسٹرکچر ملک کے باقی حصوں سے بہتر ہونا چاہیئے۔

انہوں نے طلبہ کی آسانی کو مدنظر رکھتے ہوئے پیچیدہ قوانین میں زیادہ سے زیادہ آسانی لانے کی ہدایات بھی کیں۔وفاقی وزیر نے چیئرمین فیڈرل بورڈ کو سروسز مہیا کرنے میں مزید تیزی لانے کی بھی ہدایات کیں۔

انہوں نے ڈی جی ایف ڈی ای کو خصوصی طور پر لڑکیوں کے سکولوں میں ناپید سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے حکام کو ہدایت کی کہ وہ طلباء کے لیے ہر صورت ٹرانسپورٹ کی سہولت کو یقینی بنائیں اس سے اسکولوں میں انرولمنٹ کو بڑھانے میں مدد ملے گی۔

رانا تنویر حسین نے گروپ لرننگ پر فوکس کرتے ہوئے پراجیکٹس کی تشکیل پر زور دیا اور کہا کہ ہر پراجیکٹ کو بروقت مکمل کیا جانا چاہیے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں