فیصل واوڈا کی خالی سینیٹ نشست پر انتخاب آج ہوگا

حکمراں جماعت پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے رہنما فیصل واوڈا کی تاحیات نااہلی سے خالی ہونے والی سندھ سے سینیٹ کی جنرل نشست پر پولنگ آج بروز بدھ 9 مارچ کو ہوگی۔

سندھ سے سینیٹ کی جنرل نشست پر انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن نے تیاری مکمل کرلی ہے۔

صوبائی الیکشن کمشنر سندھ اور ریٹرننگ افسر سعید گل کے دفتر سے جاری ہونے والی حتمی امیدواروں کی فہرست کے مطابق تحریک انصاف کے آغا ارسلان، پیپلز پارٹی کے نثاراحمد کھوڑو اور 2 آزاد امید واروں میں عاجز دھامرا اور گل محمد جاکھرانی شامل ہیں۔ دونوں آزاد امیدواروں کا تعلق پیپلزپارٹی سے ہے، جب کہ تحریک انصاف کے کورنگ امیدوار علی احمد پلھ الیکشن سے دستبردار ہوگئے ہیں۔

سینیٹ کی اس خالی نشست کے لئے پولنگ سندھ اسمبلی بلڈنگ میں صبح 9 بجے سے شام 4 بجے تک ہوگی۔ واضح رہے کہ دُہری شہریت کے باعث فیصل واوڈا کو نااہل قرار دینے پر یہ نشست خالی ہوئی تھی۔ سال 2018 کے عام انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی کے ساتھ دہری شہریت کے معاملے پر جھوٹا حلف نامہ جمع کروانے پر الیکشن کمیشن آف پاکستان نے حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف کے سینیر رہنما فیصل واوڈا کو نااہل قرار دے دیا تھا۔

چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے اپنا محفوظ شدہ فیصلہ سناتے ہوئے فیصل واوڈا کو احکامات جاری کیے تھے کہ وہ بطور رکن قومی اسمبلی اور وفاقی وزیر حاصل کی گئی تنخواہیں اور مراعات دو ماہ کے اندر سیکریٹری قومی اسمبلی کو واپس جمع کروائیں۔

الیکشن کمیشن نے فیصل واوڈا کی بطور سینیٹر کامیابی کا نوٹیفیکشن بھی واپس لینے کے احکامات جاری کیے تھے۔ الیکشن کمیشن نے اپنے فیصلے میں کہا کہ فیصل واوڈا نے اپنا جرم چھپانے کے لیے قومی اسمبلی کی نشست سے استعفی دیا تھا۔

الیکشن کمیشن نے اپنے فیصلے میں آئین کے آرٹیکل 63 ون سی کا بھی حوالہ دیا جو کہ دہری شہریت سے متعلق ہے اور اس کے ساتھ ساتھ انھوں نے اپنے فیصلے میں آئین کے آرٹیکل 62 ون ایف کا بھی حوالہ دیا جو کہ تاحیات نااہلی سے متعلق ہے.

اپنا تبصرہ بھیجیں