ڈریس کوڈ پر عمل نہ کرنے والے بھارت چھوڑ دیں، آر ایس ایس لیڈر

بھارتی انتہا پسند مذہبی تنظیم آر ایس ایس کے ایک لیڈر اپنے نفرت انگیز بیان میں کہا کہ ڈریس کوڈ پر عمل نہ کرنے والے بھارت چھوڑ دیں۔

راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے لیڈرکلڈکا پربھاکر بھٹ نے تعلیمی اداروں کی طرف سے مقررہ لباس پہننے سے انکار کرنے پر مسلم طلباء کو تنقید کا نشانہ بنایا.

انہوں نے کہا ہے کہ اگر وہ یہاں کے قوانین پر عمل نہیں کر سکتے تو انہیں ملک چھوڑ دینا چاہیے۔ وہ منگلور گنگوتری کیمپس میں منگلور یونیورسٹی کی پوسٹ گریجویٹ اسٹوڈنٹس کونسل کا افتتاح کرنے کے بعد ایک اجتماع سے خطاب کررہے تھے۔

انہوں نے کہاہے کہ بھارت کی ایک بھرپور تاریخ ہے اور مغل بادشاہ اس تاریخ کا حصہ نہیں تھے۔ انھوں نے مغل بادشاہ اکبر کے خلاف بھی کچھ تنقیدی ریمارکس دیئے۔

کیمپس فرنٹ آف انڈیا (سی ایف آئی) اور اسٹوڈنٹس فیڈریشن آف انڈیا (ایس ایف آئی) کے ارکان نے بھٹ کو کونسل کے افتتاح کے لیے کیمپس میں مدعو کرنے پر یونیورسٹی کے خلاف احتجاج کیا۔

دونوں تنظیموں کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ بھٹ اشتعال انگیز تقاریر کرنے کے لیے جانا جاتا ہے، اور اس کی تقریر انتہائی نفرت آمیز تھی۔

یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر یادا پادیتیہ نے کہا کہ یہ پی جی اسٹوڈنٹ کونسل تھی جس نے بھٹ کو مدعو کرنے کا فیصلہ کیا تھا اور یونیورسٹی طلبہ کے فیصلے کی مخالفت نہیں کرسکتی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں