پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ڈپٹی اسپیکر نے آج پھر ایوان میں پارلیمانی روایات کی دھجیاں اڑائیں۔
پارلیمنٹ کے اجلاس کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری سمیت اپوزیشن رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قائد حزب اختلاف نے کہا کہ ڈپٹی اسپیکر نے آج پھر ایوان میں پارلیمانی روایات کی دھجیاں اڑائیں، آج ایوان میں تحریک عدم اعتماد پر بحث ہونا تھی، اپوزیشن نے آج ووٹنگ کے لیے اسپیکر کو درخواست بھی دی تھی، سوالات کرنے والے تمام ارکان نے ووٹنگ کامطالبہ کیا۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ڈپٹی اسپیکر نے جب دیکھا کہ کوئی ممبر سوال کرنے پر تیار نہیں تو وہ بھاگ گئے، میں اور بلاول اسپیکر ڈائس پر بھی گئے، آج بھی قانون کی پاسداری نہیں کی گئی، ہم نے فیصلہ کیا تھا آج کوئی غیر پارلیمانی بات نہیں کریں گے، عدلیہ بھی دیکھ رہی ہے، پورا ملک پریشان ہے، متحدہ اپوزیشن کے آج 172ارکان ایوان میں موجود تھے۔