چیئرمین این ایچ اے کی حسن آباد آمد، 10 روز میں اسٹیل کا پل قائم کرنے کا اعلان

اسلام آباد: نیشنل ہائی ویز اتھارٹی (این ایچ اے) کے چیئرمین اور ڈیزائن انجینئر گزشتہ روز حسن آباد میں گلیشیئر سے تباہ ہونے والے پل کی جگہ عارضی پل کی تعمیر کا جائزہ لینے پہنچ گئے۔

ترجمان این ایچ اے کے مطابق چیئرمین این ایچ اے نے چیف سیکرٹری گلگت بلتستان، ایف ڈبلیو او اور این ایچ اے حکام سے پل کی بحالی کے کام پر تبادلہ خیال کیا اور اس دوران فیصلہ کیا گیا کہ ہفتے سے 10 روز کے اندر حسن آباد نالے پر اسٹیل کا عارضی پل لگا دیا جائے گا۔

ترجمان این ایچ اے کا کہنا ہے کہ بحالی کے کام کے لیے ایمرجنسی کا نفاذ کر دیا گیا ہے جبکہ عارضی پل کی بحالی اور مستقل پل کا کام ایک ساتھ ہی شروع کیا جائے گا۔

ترجمان این ایچ اے کے مطابق عارضی پل کی تعمیر کے لیے گلگت بلتستان کے اندر اور باہر کے تمام وسائل کو استعمال کیا جا رہا ہے۔

خیال رہے کہ موسم گرم ہوتےہی ہنزہ کے علاقے حسن آبادمیں شیشپر گلیشیئر میں بننے والی جھیل سے پانی کا اخراج شروع ہوگیا جس کے پیش نظر پانی کی سطح میں مسلسل اضافے کے باعث شاہراہ قراقرم پر بنا حسن آباد پل گرگیا تھا۔

پل گرنے کے بعد شیر آباد گاؤں کے 22 گھروں سے مقامی آبادی کو نکال کر ان گھروں کو خالی کرا لیا گیا ہے، سیلابی ریلے سے ایک جماعت خانے کو بھی جزوی نقصان پہنچا ہے۔

ڈپٹی کمشنر ہنزہ نے یہ بھی بتایا کہ علی آباد شہر اور حسن آباد گاؤں میں زرعی اور پینے کے پانی کا نظام تباہ ہو گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں