کینیڈین وزیر اعظم کی اردو میں مسلمانوں کو عید کی مبارکباد

کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے دنیا بھر میں رہنے والے مسلمانوں کی عید الفطر کی مبارکباد پیش کی ہے۔

کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے عید کے حوالے سے سماجی رابطے کی مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنا ویڈیو بیان شیئر کیا ہے۔

اس بیان میں انہوں نے دنیا بھر میں رہنے والے مسلمانوں کو عید الفطر کی مبارکباد پیش کی ہے۔

کینیڈین وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ رمضان المبارک کے بعد عید دوستوں اور رشتے داروں کے ساتھ مل کر خوشیاں منانے کا دن ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی وباء کے باعث گذشتہ دو سال کافی مشکل رہے لیکن اسلام کے بنیادی اقدار، سخاوت، امن، شکر گزاری اور ایک دوسرے سے ہمدردی کے جذبے نے وباء کا سامنا کرنے اور آگے بڑھنے کا حوصلہ فراہم کیا۔

کینیڈین وزیر اعظم نے ملک کی تعمیر و ترقی میں مسلمانوں کے کردار کو سراہا اور کہا کہ وہ معاشرے کا اہم حصہ ہیں۔

اس موقع پر انہوں نے اپنے اورخاندان کی جانب سے اردو میں عید کی مبارکباد بھی دی۔

واضح رہے کہ کینیڈا، امریکہ، برطانیہ، یورپی ممالک اور سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک میں آج ٓ عید الفطر منائی جارہی ہے۔

علاوہ ازیں پاکستان میں عید الفطر کل بروز منگل 3 مئی کو منائی جائے گی جبکہ بھارت، سری لنکا اوربنگلادیش میں بھی کل عید ہوگی۔

اس خطے میں سب سے پہلے عید منانے والا افغانستان رہا جس نے گذشتہ روز ہی عید الفطر منالی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں