آرمی چیف کا دہشت گردی کےخاتمےتک جنگ جاری رکھنےکےعزم کا اعادہ

بری فوج کے سربراہ جنرل قمرجاویدباجوہ نے پاک فوج کی جانب سے دہشت گردی کے خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

انہوں نے یہ بات بدھ کے روز کورہیڈکوارٹرز پشاور کے دورے میں کہی جہاں انہیں نئے ضم شدہ اضلاع میں سکیورٹی کی جاری صورتحال اور ترقیاتی کاموں میں پیشرفت کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

بری فوج کے سربراہ نے نئے ضم شدہ اضلاع میں سماجی و اقتصادی شعبوں کے ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے لئے سازگار ماحول فراہم کرنے پر سکیورٹی فورسز کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ انتہاپسندی اور دہشت گردی کو فیصلہ کن شکست دینے کے لئے پوری قوم کی متحد سوچ اور ردعمل کی ضرورت ہے۔

بعد میں جنرل باجوہ نے شہید کیپٹن سعد بن عامر اور لانس نائیک محمد عرفان کی نماز جنازہ میں شرکت کی جنہوں نے جنوبی وزیرستان میں دہشت گردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔

آرمی چیف نے عزم ظاہر کیا کہ شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور پاکستان میں مکمل امن قائم ہو گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں