جانور نیوٹرل ہوتا ہے انسان نہیں،چیئرمین تحریک انصاف عمران خان

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ جب تک یہ چور جیلوں میں نہیں جائیں گے ان کیخلاف جہاد کرتا رہوں گا۔

اپنے حلقہ انتخاب میانوالی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ میں جب تک زندہ ہوں آپ کو کسی کے سامنے جھکنے نہیں دوں گا، شہبازشریف کہتا ہے بھکاریوں کو غلامی کرنا پڑے گی، تم غلام ہو ہم غلام نہیں ہیں، ہم صرف اوپر والے کی غلامی کرتے ہیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ 22 کروڑ عوام کی نمائندہ حکومت کو سازش کے تحت ہٹایاگیا، 20 مئی کے بعد کسی دن بھی اسلام آباد کی کال دے سکتاہوں، نہ کوئی کنٹینر اور نہ یہ چیری بلاسم آپ کو روکے گا، آج حقیقی آزادی کی تحریک کا آغاز میانوالی سے کررہا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ہم یہ بتانے کےلیے اسلام آباد آئیں گے کہ ہم غلام نہیں زندہ قوم ہیں، جو اسلام آباد نہ آسکیں وہ میانوالی میں احتجاج کریں، صرف تحریک انصاف نہیں پوری قوم کو بلارہا ہوں، اسلام آباد آکر ایک ہی پیغام دیں کہ الیکشن کرواؤ۔

چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ عوام کا سمندر دیکھ کر اللہ کا شکر ادا کرتاہوں، اللہ کاشکر ادا کرتا ہوں قوم کے اندر شعور پید اکیا۔انہوں نے کہا کہ عظیم قوم ان چوروں کی غلامی نہیں کرے گی، دوستی سب سے غلامی کسی کی نہیں کریں گے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ تم نے مجھ پر ایف آئی آر کاٹی، امریکا کے غلام سن لو! تم نے جھوٹی ایف آئی آر کٹوائی، آپ لوگ کہیں بھی جاو تمہیں ’’چور چور‘‘کی آوازیں سننے کو ملیں گی۔ انہوں نے کہا کہ شہباز گل پر موٹر وے پر حملہ کیا گیا، کسی کارکن کو ہاتھ لگایا تو ذمہ دار تھری اسٹوجز اور ہینڈلر ہوں گے۔

چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ پنجاب میں لوٹوں کے ذریعے ہماری حکومت گرائی گئی، لوگوں نے اپنے ضمیر بیچ کر بیرونی سازش کو کامیاب کیا، کیا اس پر از خود نوٹس نہیں لینا چاہیے تھا؟ عدالتیں رات12بجے کھل سکتی ہیں،ان چوروں کو نااہل کیوں نہیں کیا جاتا۔

انہوں نے کارکنوں سے کہا کہ یہ ضمیرفروش کسی بھی حلقے میں آئیں تو آپ نے ان کا بندوبست کرنا ہے، ان ضمیر فروشوں کو وہ سبق سکھانا ہے کہ ساری زندگی ووٹ اور ضمیر بیچنے سے ڈریں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ جب بھی حق اور باطل، سچ اور جھوٹ کا مقابلہ ہو تو حق اور اچھائی کا ساتھ دینے کا اللہ کا حکم ہے، نیوٹرل جانور ہوتا ہے انسان نیوٹرل نہیں ہوتا، فیصلہ کرلو اچھائی کے ساتھ کھڑے ہو یا برائی کے ساتھ کھڑے ہوں، جب شیر کسی ہرن کا شکار کرتا ہے تو باقی بھاگ جاتے ہیں کیوں کہ وہ نیوٹرل ہیں.

اپنا تبصرہ بھیجیں