انگلینڈ نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں بھی پاکستان کو شکست دے کر سیریز جیت لی، انگلینڈ نے دوسرے ٹیسٹ میں پاکستان کو 26 رنز سے شکست دی۔
پاکستان کی بیٹنگ لائن کو انگلینڈ کے خلاف ملتان ٹیسٹ میں بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، پاکستان کو جیت کے لیے 64 رنز درکار تھے جب کہ 3 وکٹیں باقی تھیں۔ پاکستان نے کھانے کے وقفے تک 7 وکٹوں کے نقصان پر 291 رنز بنائے، چوتھے روز کھیل کا آغاز ہوا تو پاکستان نے 355 رنز کے ہدف کے 4 وکٹوں پر 198 رنز بنا رکھے تھے۔ فہیم اشرف تین اور سعود شکیل 54 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔ فہیم اشرف دس رنز بنا کر زیک کرالی کا نشانہ بنے۔
ان کے بعد محمد نواز آئے، سعود شکیل اور محمد نواز نے پراعتماد انداز میں اننگز کو آگے بڑھایا، محمد نواز اپنی پہلی ففٹی مکمل نہ کر سکے اور 290 کے مجموعی اسکور پر پنتالیس رنزبناکرمارک ووڈ کی گیند پر کیچ آوٹ ہو گئے۔ سعود شکیل بھی نروس نائنٹیز کا شکار ہوئے، وہ 94 رنز بنا کر مارک ووڈ کی گیند پر آوٹ ہوئے۔
اس سے قبل انگلینڈ نے اپنی پہلی اننگز میں 281 رنز بنائے تھے جب کہ پاکستان کی ٹیم 202 رنز بنا کر آوٹ ہو گئی تھی۔ انگلینڈ نے دوسری اننگز میں 275 رنز بنائے اور پاکستان کو 355 رنز کا ہدف ملا۔