بھارت میں مونکی پوکس کا پہلا کیس سامنے آگیا

بھارت میں مونکی پوکس کا پہلا کیس سامنے آگیا ہے، دو ماہ کے دوران دنیا بھر میں مونکی پوکس کے کیسز کی تعداد 9,200 ہوگئی۔

اقوام متحدہ کی ایجنسی کے مطابق اب تک 63 ممالک میں مونکی پوکس کے 9,200 کیسز سامنے آچکے ہیں، عالمی ادارہ صحت اگلے ہفتے ایک ہنگامی اجلاس منعقد کرے گا جس میں یہ فیصلہ کیا جائے گا کہ آیا مونکی پوکس کوعالمی صحت کی ایمرجنسی قرار دیا جائے یا نہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق جمعرات کو کیرالا کے وزیر صحت وینا جارج نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات سے تین دن پہلے کیرالہ پہنچنے والے ایک شخص میں مونکی پاکس کی علامات ظاہر ہوئی ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ متاثرہ شخص کا سیمپل پونے وائرولوجی انسٹیٹیوٹ بھیجا گیا تھا اور اس کی رپورٹ مثبت آئی ہے، متاثرہ شخص کو تنہائی میں رکھا گیا ہے۔

کیرالہ کی وزیر صحت وینا جارج نے کہا کہ مریض سے ملنے والے تمام لوگ بھی زیرنگرانی ہیں جن میں اسکے والد، والدہ، ٹیکسی ڈرائیور، ایک آٹو ڈرائیور اور ٹیکسی پر بیٹھے 11 ساتھی مسافر شامل ہیں۔

وزیر صحت وینا جارج کا کہنا ہے کہ بیماری کے ابتدائی رابطوں تک پھیلنے کا اندیشہ ہے لیکن گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے۔

واضح رہے کہ مونکی پوکس ایک متعدی بیماری ہے، عام طور پر کورونا وائرس کے مقابلے میں اس کے پھیلنے کی رفتار انتہائی محدود ہے۔

یہ وائرس زیادہ ترانسانوں میں کسی متاثرہ شخص یا جانور کے ساتھ قریبی رابطے کے ذریعے جسمانی رطوبتوں اور سانس کے ذریعہ منتقل ہوسکتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں