مظفرگڑھ کی تحصیل علی پور میں گھر میں ایک ہی خاندان کے 5 افراد کی لاشیں ملنے کے واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔
مظفرگڑھ کی تحصیل علی پور میں گزشتہ روز ایک گھر سے عمران عرف عبدالغنی،اس کی بیوی سائرہ بی بی اور 3 بچیوں کی لاشیں برآمد ہوئی تھیں۔
پولیس نے بتایا کہ بچیوں اور ان کی والدہ کو تیزدھار آلے سے گلے کاٹ کر قتل کیا گیا جبکہ خاندان کے سربراہ کی لاش چھت سے لٹکتی ہوئی ملی تھی۔
پولیس ترجمان کے مطابق مرنے والے تمام افراد کا پوسٹ مارٹم مکمل کرکے لاشیں لواحقین کے حوالے کردی گئیں جبکہ فرانزک ٹیموں کی جانب سے موقع سے شواہد اکٹھے کرکے تجزئیے کے لیے لیبارٹری پہنچا دئیے گئے۔
پولیس نے واقعےکا مقدمہ مرنے والی خاتون سائرہ بی بی کے والد محمد عباس کی مدعیت میں تھانہ سٹی علی پور میں قتل کی دفعات کے تحت درج کرلیا۔
اس معاملے کی وجوہات کو جاننے کے لیے تاحال پولیس کی تحقیقات جاری ہیں۔