کل تاریخ کا سب سے بڑا قافلہ لیکر نکلوں گا، کوئی روکنا چاہے تو روک لے: عمران خان

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ کل خیبرپختونخوا سےتاریخ کاسب سےبڑاقافلہ لیکرنکلوں گا، کوئی روکناچاہےتوروک کردکھادے۔

پشاور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ چوروں کے خلاف پرامن احتجاج کرنے جا رہے ہیں ، یہ ہمارا جمہوری حق ہے۔ کوئی سمجھتا ہے ان مجرموں کو مان لوں گا اس سے موت بہتر ہے۔ امریکیوں کو یہ پیغام بھجوا رہے ہیں کہ ہمیں پیسے بھیج دو ورنہ عمران خان واپس آ جائے گا۔ عالمی برادری کو کہنا چاہتے ہیں ڈبل سٹینڈرڈ ختم کریں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے اسلام آباد اور راولپنڈی بند کر دیا، اس کے باوجود کل پورا اسلام آباد اور راولپنڈی نکلے گا۔ آئی جی اسلام آباد ایک مجرم شخص ہے، سیف سٹی کرپشن کیس میں اس آئی جی اسلام آباد کو ہم نکالنے والے تھے۔ پنجاب کی انتظامیہ سے پوچھتا ہوں آپ حمزہ کا حکم کیسے مان رہے ہیں، یہ تو وزیراعلی ہے ہی نہیں۔ پنجاب انتظامیہ کے ایک ایک ذمہ دار کا نام نوٹ کر رہے ہیں، پنجاب بیوروکریسی غیرقانونی احکامات مانے گی تو ان کے خلاف ایکشن لیا جائے گا۔

عمران خان نے کہا کہ ہمارے 75 سالہ ایم پی اے کو حراست میں لیا گیا، ایک ریٹائرڈ آرمی آفیسر کے گھر دیوار پھلانگ کر ریڈ کیا گیا، کون سا ایسا بحران ہے کہ رات کے 3،3 بجے دیواریں پھلانگی جا رہی ہیں۔ شکر کریں جو مزاحمت ریٹائرڈ آرمی آفیسر کے گھر سے ہوئی، کہیں اور سے نہیں ہوئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ یاسین ملک کو کسی صورت دہشتگرد نہیں کہا جا سکتا، کل ان کو بھارت میں سزا سنائی جا رہی ہے، بھارت ایسے ہتھکنڈوں سے حوصلے پست نہیں کر سکتا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں