سابق وزیر خزانہ شوکت ترین کو وزیراعظم عمران خان کا مشیر مقرر کرنے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا ہے۔
نوٹی فکیشن کے مطابق شوکت ترین کا عہدہ وفاقی وزیر کے برابر ہوگا۔
سابق وزیرِ خزانہ شوکت ترین اس وقت آئی ایم ایف کے سالانہ اجلاس میں شرکت کے لیے امریکا میں ہیں، انہوں نے اپنے ایک بیان میں آئی ایم ایف سے مذاکرات کو بہترین قرار دیا ہے۔
سابق وزیر خزانہ کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ آئی ایم ایف سے مذاکرات کے جلد نتائج سامنے آئیں گے، مگر کوئی ٹائم فریم نہیں دے سکتے۔
اس متعلق وزارت خزانہ کا بھی کہنا ہے کہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات مثبت سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں، آئی ایم ایف کے ساتھ وفود کی سطح پر تکنیکی بات چیت جاری ہے۔
واضح رہے کہ شوکت ترین کی بطور وزیرِ خزانہ عہدے کی مدت ہفتے کے روز ختم ہو گئی تھی، انہوں نے 17 اپریل 2021ء کو بطور وزیرِ خزانہ چارج سنبھالا تھا۔
شوکت ترین کے لیے بطور وزیرِ خزانہ 6 ماہ میں رکنِ پارلیمنٹ بننا لازمی تھا، آئین کے تحت شوکت ترین بغیر رکنِ پارلیمنٹ 6 ماہ عہدے پر رہ سکتے تھے۔
شوکت ترین عہدہ سنبھالنے کے بعد 6 ماہ میں رکنِ پارلیمنٹ نہیں بن سکے۔