وزیراطلاعات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ الحمد اللہ اس وقت تک جو بارش ہوئی ہے اس میں معاملات کنٹرول میں ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراطلاعات سندھ سعید غنی نے ڈسٹرکٹ ایسٹ کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا جہاں بارش کی صورتحال کے حوالے سے جائزہ لیتے ہوئے کہنا تھا کہ الحمد اللہ اس وقت تک جو بارش ہوئی ہے اس میں معاملات کنٹرول میں ہیں،گرائنڈر پرایک جگہ پانی جمع ہونے کی شکایات ملی تاہم وہاں بھی مشینری اور عملہ موجود ہے اور وہ نکاسی آب میں مصروف ہے، مجموعی طور پر اس وقت تک ڈسٹرکٹ ایسٹ میں صورتحال بہت بہتر ہے۔
وزیراطلاعات سندھ سعید غنی کا ڈی سی ایسٹ کو ہدایات دیتے ہوئے کہنا تھا کہ جہاں جہاں چوکنگ پوائنٹس ہیں وہاں مشینری و عملہ موجود رہے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے، عوامی شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے اور کسی بھی صورتحال سے نبرد آزما ہونے کے لئے تمام مین پاور اور مشینری کو اسٹینڈ بائی رکھا جائے۔
واضح رہے اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ایسٹ آصف جان صدیقی بھی ان کے ہمراہ موجود رہے، صوبائی وزیر نے نرسری، شارع فیصل، گرومندر، جہانگیر روڈ، جمشید روڈ، جیل چورنگی، اولڈ سبزی منڈی، یونیورسٹی روڈ، نیپال چورنگی، گلستان جوہر سمیت دیگر علاقوں کا بھی دورہ کیا۔