وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی نے ملاقات کی جس میں باہمی تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ اسپیشل اکنامک زون میں زیرو این او سی کی پالیسی لارہے ہیں جبکہ سرمایہ کاروں کے لیے سی ایم آفس میں خصوصی ڈیسک بھی بنایا جارہا ہے۔
اس موقع پر سعودی سفیر نے وزیر اعلیٰ کو سعودی عرب کے دورے کی دعوت دی، جسے وزیراعلیٰ پنجاب نے شکریہ کے ساتھ قبول کر لیا۔
واضح رہے اس سے قبل اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویزالٰہی سے بھی سعودی سفیر نواف سعید المالکی کی اسمبلی میں ملاقات ہوئی۔
ملاقات میں اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویزالٰہی نے کہا تھا کہ سعو دی عرب سے ہمار ے رشتے کی بنیاد لاالہ اللہ محمد رسول اللہ ﷺ ہے، جب بھی پاکستان پر مشکل وقت آیا سعودی عرب نے ہماری توقعات سے بڑھ کر ہمارا ساتھ دیا۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویزالٰہی نے مزید کہا تھا کہ پنجاب اسمبلی نے چھٹی جماعت تک ناظرہ، چھٹی سے دسویں جماعت تک ترجمہ کے ساتھ قرآن مجید کی تعلیم لازمی قرار دی ہے جبکہ پنجاب اسمبلی نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے نام گرامی کے ساتھ خاتم النبیین ﷺ اور درود پاک لکھنا لازمی بھی قرار دیا ہے۔
اس موقع پر سعودی سفیر نواف سعید المالکی نے قرآن مجید اور خاتم النبین حضرت محمد ﷺ کے حوالے سے چوہدری پرویز الٰہی کے اقدامات کوخراجِ تحسین پیش کیا ۔
سعودی سفیر نواف سعید المالکی نے کہا تھا کہ اسمبلی بلڈنگ میں آیات قرآنی اور احادیث مبارکہ آویزاں کروانا چوہدری پرویز الٰہی کی اسلام سے محبت کا ثبوت ہے۔
ملاقات میں سعودی سفیر نواف سعید المالکی نے مزید کہا تھا کہ پاکستانی ڈاکٹرز، انجینئرز، سائنس دان اور ورکرز سعودی معیشت کی مضبوطی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
ملاقات میں صوبائی وزیر حافظ عمار یاسر، ایم این اے چوہدری سالک حسین اور چوہدری راسخ الہیٰ نے بھی شرکت کی تھی۔