6 ستمبر تجدید عزم استقلال کا دن

اگر ہم تاریخ کا بغور جائزہ لیں تو متعدد ایسے واقعات ملیں گے کہ مختلف اقوام پر ایسا وقت آیا جس نے وطن کے فرزندوں سے بڑی قربانی کا تقاضہ کیا اور یہ ہی دن قوموں کی تاریخ میں قربانی کی لازوال مثال بن جاتے ہیں۔

پاکستان الحمداللہ آزاد اور خود مختار ریاست ہے جب سے پاکستان دنیا کے نقشے پر ابھرا مسلم دشمن قوتوں کی انکھ میں کھٹک رہا ہے،یہ قوتیں اس کے خلاف سازشیں کرتے رہتے ہیں اور اس کی زمینی اور نظریاتی سرحدوں پر حملےکرتے رہے ہیں۔

چھ ستمبر1965کو بھارت نے اس زعم میں پاکستان پر حملہ کیاکہ پاکستان کو ختم کردےگالیکن پاکستان کی بہادر فوج نے قوم کے ساتھ مل کربھارت کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دئیے اور ایسا جواب دیا کہ بھارت آج بھی 65 کی جنگ کے زخم چاٹ رہا ہے حالانکہ بھارت سامان حرب اور فوجی طاقت میں پانچ گنا زیادہ قوت رکھتا تھا لیکن قوت ایمانی اور جزبہ شہادت نے افواج پاکستان کو فتح مبین سے ہمکنار کیااور ہمارے بہادر سپوتوں نے بھارتی جرنیل کا صبح کا ناشتہ جیم خانہ کلب میں کرنے کا خواب خاک میں ملادیا۔

میجر عزیز بھٹی شہید نے اپنے جانثار ساتھیوں کے ساتھ ملکر چھ دن چھ راتیں بھارتی فوج کا بےجگری سے مقابلہ کیا اور پسپا ہونے پر مجبور کردیا اور شہادت کےرتبے پرفائزہوئے۔

اسی طرح پاک فضائیہ نےوہ کارنامہ انجام دیاکہ دنیا حیران رہ گئی اورآج بھی ورطہ حیرت میں ہے، پاک فضائیہ کےشاہین ایم ایم عالم نےایک منٹ سے بھی کم وقت میں بھارت کے5 مگ ہنٹر مار گرائے جو عالمی ریکارڈ ہے اورانشا اللہ رہتی دنیا تک قائم رہے گا۔ ایم ایم عالم نے مجموعی طور پر9 طیارے مارگرائےجوکہ انفرادی طورپرکسی بھی فایٹر کاعالمی ریکارڈ ہے۔

پاکستانی فضائیہ نے7ستمبر تک بھارت کے35، طیارے گراکر بھارتی فضائیہ کی کمر توڑدی تھی ۔پاک فضائیہ نے بری اوربحری فوج کا بھرپور ساتھ دیا ، پاک فضائیہ کے شاہینوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے7ستمبر کو یوم فضائیہ منایا جاتا ہے۔

پاک بحریہ کی غازی آبدوز کے خوف سے بھارت نے طیارہ بردار بیڑے ؛وکرانت’ کو کراچی سے دوسو کلومیٹردور جزیرے میں چھپادیا تھا بھارتی ایئرفورس کوریڈاراسٹیشن ‘دوارکا’ کی بہت سپورٹ حاصل تھی اسے تباہ کرنا بہت ضروری تھا۔یہ مشن پاک بحریہ کو سونپا گیا اورپاک بحریہ نے’دوارکا’اسٹیشن کو مکمل طور پر تباہ کر کے اس مشن کو کامیاب بنایا۔

پاکستان کی تینوں مسلح افواج نے لازوال قربانیاں دے کر وطن عزیز کا کامیاب دفاع کیا ۔کوئی قوم اپنے دفاع کے بغیرترقی نہیں کرسکتی جس کا دفاعی نظام جتنا مضبوط ہوگا وہ قوم اتنی ہی مضبوط ہوگی ۔پاکستان کی بری ،بحری اور فضائی افواج نے ثابت کردیا کہ جو بھی پاکستان پر بری نگاہ ڈالے گا اس کی انکھیں پھوڑ دی جا ئیں گی۔ 65 کی جنگ میں قوم کے بہادر سپوتوں نےقربانی اور بہادری کی وہ عظیم مثالیں قائم کیں جو آنے والی نسلوں کے لئے مشعل راہ ہیں۔ یوم دفاع منانے کا مقصد تجدید عزم استقلال اور قوم کے شہیددوں کوخراج عقیدت اور غازیوں کوخراج تحسین پیش کرناہےاورپاکستان کو جدید دفاعی ٹیکنالوجی سے مربوط کرنا وقت کی اشد ضرورت ہے۔

مصنف: مجاہد الآفاق

اپنا تبصرہ بھیجیں