یورپ میں پھیلتے کورونا وائرس پر عالمی ادارہ صحت کا اظہار تشویش

عالمی ادارہ صحت نے یورپی ممالک میں ایک مرتبہ پھر کورونا وائرس کے پھیلاﺅ پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ یورپ میں اس وبا سے ہونے والی ہلاکتوں میں اضافہ ہوا ہے۔

میڈیارپورٹس کے مطابق یہ تشویش اور تلقین ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے یورپ کے لیے مقرر ڈائریکٹر نے ایک پریس کانفرنس میں بیان کیں۔یورپی براعظم میں گزشتہ ہفتوں کے دوران کورونا وائرس کی وبا سے ہونے والی ہلاکتوں میں گیارہ فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔ اس اضافے پر عالمی ادارہ صحت نے اپنی گہری تشویش ظاہر کی ۔

ڈبلیو ایچ اوکے مطابق اس تناسب سے ہلاکتیں بڑھتی رہیں تو اگلے مہینوں میں یہ تعداد کئی ہزار تک پہنچ سکتی ہے۔ اس تناظر میں عالمی ادارے نے یورپی ممالک اور اس کے شہریوں کو ہدایت کی کہ وہ احتیاطی تدابیر اپنائیں اور اس خطرے سے منہ موڑنے کی پالیسی نامناسب ہے۔

عالمی ادارہ صحت کے یورپی دفتر کے سربراہ ہانس کلوگے نے ڈنمارک کے دارالحکومت کوپن ہیگن میں ایک پریس کانفرنس میں واضح کیا کہ اگر یورپی اقوام نے کورونا وبا کے حوالے سے کسی قسم کی تساہلی برتی تو رواں برس یکم دسمبر تک اس براعظم میں ہونے والی ممکنہ ہلاکتیں دو لاکھ چھتیس ہزار کے لگ بھگ ہو جائیں گی۔

اب تک اس وبا کے ہاتھوں یورپ میں تیرہ لاکھ انسانی جانیں ضائع ہو چکی ہیں۔عالمی ادارہ صحت کے یورپ کے لیے نگران اہلکار ہانس کلوگے کا کہناتھا کہ یورپی ممالک میں دوبارہ سے کورونا وائرس کی افزائش کی سب سے بڑی وجہ ایک انسان سے دوسرے میں منتقلی ہے اور یہ اس کو ظاہر کرتی ہے کہ لوگ احتیاط نہیں برت رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں