کوئٹہ دھماکا، لوگ عالمی حالات کے تناظر میں ہم پر دباؤ ڈالنا چاہتے ہیں، ہم جلد اس سے نکل آئیں گے:شیخ رشید

اسلام آباد: وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد نے کوئٹہ دھماکے کے متعلق اپنے بیان میں کہا ہے کہ عالمی حالات کے تناظر میں پاکستان پر دباؤ ڈالنے والے ناکام ہوں گے۔

تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں مستونگ روڈ میں دھماکے کے باعث 3 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔ وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ دھماکے میں 3 افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاع ملی ہے جس پر تحقیقات کر رہے ہیں۔

وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ کوئٹہ میں کافی دنوں سے دہشت گردی کے واقعات ہو رہے ہیں جبکہ پاکستان اس خطے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ لوگ عالمی حالات کے تناظر میں ہم پر دباؤ ڈالنا چاہتے ہیں، ہم جلد اس سے نکل آئیں گے۔

خیال رہے کہ اِس سے قبل بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں مستونگ روڈ پر سونا خان کے قریب دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں3 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔

دھماکے کے متعلق کوئٹہ پولیس کا آج اپنے بیان میں کہنا تھا کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور فرنٹیئر کانسٹیبلری (ایف سی) کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی.

اپنا تبصرہ بھیجیں