ڈی جی ایف آئی اے کا سائبر کرائم سندھ زون کا دورہ

کراچی: ایف آئی اے کے ڈائریکٹر جنرل ثناءاللہ عباسی نے اے ڈی جی ساؤتھ سلطان علی خواجہ، ڈائریکٹر ریسرچ منیر شیخ اور ڈائریکٹر سندھ زون I عامر فاروقی کے ہمراہ سائبر کرائم سندھ زون کراچی کا دورہ کیا۔

ایڈیشنل ڈائریکٹر CCW سندھ عمران ریاض نے ڈی جی ایف آئی اے کو سائبر کرائم سندھ زون کی کارکردگی سے آگاہ کیا۔

ایڈیشنل ڈائریکٹر ایف آئی اے سائبر کرائم سندھ زون نے ادارے کی مجموعی کارکردگی پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سال اب تک 795 شکایت کنندگان کو سائبر ہراسمنٹ، بلیک میلنگ، الیکٹرانک معاشی فراڈ، نفرت انگیز مواد، بچوں اور خواتین کی جنسی ہراسگی، غیر قانونی موبائل سمز کے اجراء جیسے معاملات میں ریلیف فراہم کیا جبکہ مختلف زیر سماعت مقدمات میں 30 سے زائد ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ دو بڑے مقدمات میں ملزمان کو مجاز عدالت سے سخت سزائیں دلوائیں گئیں اور بھاری جرمانے عائد کیے گئے۔

ڈی جی ایف آئی اے نے سائبر کرائم سندھ زون کی کارکردگی کو سراہا اور اس سلسلے میں اقدامات کو مزید مؤثر اور تیز کرنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے عوام اور سائبر کرائم ونگ کے درمیان خلا کو پُر کرنے، عوام میں سائبر کرائم کے جدید طریقوں سے بچنے کے لیے آگاہی مہم شروع کرنے، شکایت کنندگان سے اچھے برتاؤ اور ان کی شکایت کو فوری حل کرنے پر زور دیا۔

بعد ازاں ڈی جی ایف آئی اے نے سائبر کرائم ونگ کے مختلف دفاتر اور فرانزک لیب کا دورہ کیا اور فرانزک لیب کو بین الاقوامی معیار کے مطابق اپ گریڈ کرنے کا عزم کیا تاکہ عوام کو جلد از جلد ریلیف فراہم کیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں