پی ڈی ایم کا 29 اگست کو ہونے والا جلسہ پی ٹی آئی کی حکومت پر کاری ضرب ثابت ہوگا،میاں شہباز شریف

کراچی: پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ 29اگست کو کراچی میں ہونے والا پی ڈی ایم کا جلسہ ایک نئی تاریخ رقم کرے گا ۔کارکنان جلسے کی کامیابی کے لیے عوام سے رابطے میں رہیں اور تمام اتحادی جماعتوں سے مشاورت کا سلسلہ جاری رکھا جائے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے رکن پنجاب اسمبلی رانا مشہود ،مسلم لیگ (ن) کیماڑی کے صدر حاجی صالحین تنولی ،جنرل سیکرٹری رانا محمد وارث اور مسلم لیگ (ن)سندھ کے نائب صدر خواجہ غلام شعیب سے ملاقات کے دوران کیا۔

ملاقات میں 29اگست کو کراچی میں ہونے والے پی ڈی ایم کے جلسے کے حوالے سے مشاورت کی گئی ۔مسلم لیگی رہنماؤں نے پارٹی صدر جلسے کی تیاریوں کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پی ڈی ایم کے جلسے کے حوالے سے عوام میں جوش و خروش پایا جاتا ہے ۔عوام پی ٹی آئی کی پالیسیوں سے نالاں ہیں اور جلد اس حکومت سے چھٹکارا حاصل کرنا چاہتے ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ کراچی ہمیشہ سے جمہوریت پسند قوتوں کا گڑھ رہا ہے ۔29 اگست کو ہونے والا جلسہ پی ٹی آئی کی ناجائز حکومت پر ایک کاری ضرب ثابت ہوگا ۔انہوںنے لیگی رہنماؤں کو ہدایت کی کہ جلسے کی کامیابی کے لیے عوامی رابطہ مہم کو مزید تیز کیا جائے اور اتحاد ی جماعتوں کے ساتھ مشاورت کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے جلسے کی کامیابی کو یقینی بنایاجائے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں