پہلے ٹیسٹ میں ویسٹ انڈیز 253 رنز بنا کر آؤٹ، 36رنز کی برتری حاصل

ویسٹ انڈیز کی ٹیم پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں 253 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی اور پہلی اننگز میں 36 رنز کی برتری حاصل کی۔

کنگسٹن، جمیکا میں کھیلے جا رہے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن ویسٹ انڈیز نے 251 رنز 8 کھلاڑی آؤٹ سے اپنی پہلی نامکمل اننگز کا دوبارہ آغاز کیا تو جوشوا ڈی سلوا اور جومیل ویریکن وکٹ پر موجود تھے۔

پاکستان کو ویسٹ انڈین ٹیم کو آؤٹ کرنے میں زیادہ دیر نہ لگی اور میزبان ٹیم اپنے گزشتہ دن کے اسکور میں مزید 2 رنز کے اضافے سے پویلین لوٹ گئی۔

شاہین شاہ آفریدی نے دن کے پہلے ہی اوور میں ویریکن کو چلتا کیا اور پھر اپنے اگلے ہی اوور میں جوشوا ڈی سلوا کو آؤٹ کر کے ویسٹ انڈیز کے بڑی لیڈ کے حصول کے خواب پر پانی پھیر دیا۔


ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 253 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی اور 36 رنز کی برتری حاصل کی۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے کپتان کریگ بریتھ ویٹ نے 97 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ جیسن ہولڈر نے 58 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی چار وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب باؤلر رہے جبکہ محمد عباس نے تین وکٹیں اپنے نام کیں۔
یاد رہے کہ پاکستان کی ٹیم پہلی اننگز میں 217 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں