پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر و رکن سند ھ اسمبلی خرم شیر زمان نے پارٹی سیکریٹریٹ انصاف ہاوس میں پریس کانفرنس

کراچی : پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر و رکن سند ھ اسمبلی خرم شیر زمان نے پارٹی سیکریٹریٹ انصاف ہاوس میں پریس کانفرنس میں گزشتہ روز وزیر اعظم عمران خان کے کامیاب دورہ کراچی کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے دورہ کراچی کا مقصد وفاقی حکومت کے فنڈز سے کراچی میں کئے جانے والے ترقیاتی کاموں اور مسائل کا جائزہ لینا تھا۔
وزیر اعظم عمران خان کو دورہ کراچی کے موقع پر کراچی میں وفاق کے فنڈ سے مکمل اورزیر تعمیر پراجیکٹس پر تفصیلی بریفنگ دی گئی ہے۔ وزیر اعظم عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ زیر تعمیر پراجیکٹس کو وقت پر مکمل کیا جائے۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ رکن سندھ اسمبلی شہزاد قریشی، پی ٹی آئی رہنما عدنان اسماعیل اور سمیر میر شیخ بھی موجود تھے۔ خرم شیر زمان کا مزید کہناتھا کہ و زیر اعظم عمران خان کو بریفنگ میں کے فور، گرین لائن، کراچی کے فریٹ کوریڈور، پی سی آر سمیت دیگر منصوبوں کے بارے میں تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا۔ وزیر اعظم عمران خان کی سب سے زیادہ توجہ صوبے میں پانی کے مسئلے پر ہے۔

پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت گزشتہ 13سالوں میں 25ارب روپے کے فور منصوبے پر ضائع کرچکی ہے۔وزیر اعظم سے ہمارے اراکین اسمبلی نے درخواست کی تھی کہ اب کے فور منصوبے پر جو بھی کام ہووہ وفاقی حکومت کی جانے سے کروایا جائے اور سندھ حکومت کو اس منصوبے کی نگرانی سے دور رکھا جائے۔ لہذا اب یہ منصوبہ واپڈا کے ذریعے مکمل کروایا جارہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ حکومت کراچی کو 13 سالوں میں ایک بس نہیں دے سکی۔ گرین لائن بسز چائنہ پورٹ پہنچ چکی ہیں،انشاللہ جلد کراچی پورٹ پر پہنچ جائیں گی۔ کے فور اور گرین لائن کا منصوبہ مکمل ہونا اہم ہے۔ خرم شیر زمان نے مزید بتایا کہ وزیر اعظم کی توجہ شہر میں بارشوں کی صورتحال پر تھی،سندھ حکومت شہر کے نالے تک صاف نہیں کرسکتی۔ وفاقی حکومت نے 35ارب روپے نالوں کی صفائیوں کیلئے رکھے گئے۔ وزیر اعظم نے نالوں کے اطراف موجود رہائشیوں کو متبادل جگہ کیلئے رقم دینے کا بھی اعلان کیا ہے۔

وزیر اعظم کو بتایا گیا ہے وفاق کے فنڈز کے ذریعے 52 فائر بریگیڈ شہر کو دے دیے گئے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی پاکستان کی نالائق ترین جماعت ہے۔ ہم نے وزیراعظم سے ایس ڈی جی فنڈز کی درخواست کی تھی۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے خود کہا کہ وزیراعظم گلیاں بنارہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ سندھ کو بتانا چاہتے ہیں کہ آپ کی نالائقی کی وجہ سے وفاق شہر میں کام کروارہا ہے، کراچی کے ایم این ایز کو 1ارب کی اسکیم دی جائیں گی۔ خرم شیر زمان نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ نے کابینہ اجلاس میں نیب سے وصول کی گئی رقم کی واپسی کیلئے درخواست کی ہے۔ یعنی صوبے سے لوٹی ہوئی رقم بھی انہیں واپس چاہیے، 25فیصد کے مطابق 1ارب کی وصولی وزیر اعلیٰ سندھ کو چاہیے۔ سندھ حکومت نے کابینہ کے اجلاس میں نیب سے رقم لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

خرم شیر زمان کا مزید کہنا تھا کہ مرتضیٰ وہاب سندھ حکومت کے پسندیدہ شخص ہیں۔ سیاسی بھرتیوں کی بنیاد پر کراچی میں جیالا ایڈمنسٹریٹر لگایا گیا ہے۔ پی ٹی آئی نے عدالتوں سے درخواست کی ہے آرٹیکل 140اے تحت بلدیاتی الیکشن کرائیں جائیں،ہمیں عدالتوں پر یقین ہے، جلد پی ٹی آئی کے حق میں فیصلہ آئے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں