پاکستان تحریک انصاف سندھ حکومت کے لاک ڈاؤن کے فیصلے کو مسترد کرتی ہے۔خرم شیر زمان

پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر و رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے سندھ حکومت کی جانب سے 8 اگست تک صوبے میں لاک ڈاؤن کے فیصلے پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ حکومت کا لاک ڈاؤن عوامی مفاد میں نہیں۔سندھ حکومت کے لاک ڈاؤن کے ڈراموں سے بخوبی واقف ہیں۔ سندھ حکومت صوبے کے کاروباری، نوکری پیشہ اور مزدور طبقے کو نقصان پہنچانا چاہتی ہے۔ پارٹی سیکریٹریٹ انصاف ہاوس سے جاری اپنے بیان میں خرم شیر زمان کا مزید کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے لاک ڈاؤن کے فیصلے میں اپوزیشن جماعتوں اور تاجر رہنماؤں کو اعتماد میں نہیں لیا۔ اس طرح کے اہم فیصلوں میں اپوزیشن کی رائے کو شامل نہ کرنا سندھ حکومت کی آمرانہ سوچ کی عکاسی کرتا ہے۔ گزشتہ روز این سی او سی کے سربراہ نے سندھ حکومت کے ساتھ تعاون کی یقین دہانی کروائی تھی۔ان سی او سی کے سربراہ وفاقی وزیر اسد عمر نے واضح طور پر اسمارٹ لاک ڈاؤن کی تجویز دی تھی لیکن سندھ حکومت ہمیشہ وفاقی حکومت کے فیصلوں اور تجاویز کے برعکس کام کرتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ماضی میں بھی سندھ حکومت کے فیصلے سے لوگوں کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے ہوگئے تھے۔ صوبے میں لاک ڈاؤن کے سبب بے روزگاری بڑھنے کا بھی خدشہ ہے۔ خرم شیر زمان کا مزید کہنا تھا کہ8 اگست تک صوبے میں پولیس اور ضلعی انتظامیہ کو مال بنانے کیلئے سڑکوں پر چھوڑدیا جائیگا۔ لاک ڈاؤن کرونا سے بچاؤ کیلئے نہیں بلکہ بھتہ مافیا کو سرگرم کرنے کیلئے ہے۔ پاکستان تحریک انصاف سندھ حکومت کے لاک ڈاؤن کے فیصلے کو مسترد کرتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں