پاکستان برادرانہ تعلقات کو مضبوط سیاسی اور اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنے کیلئے پر عزم ہے، چیئرمین سینیٹ

اسلام آباد : چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے قطر کے سفیر شیخ سعود بن عبدالرحمان الثانی نے جمعرات کو پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔ملاقات میں اہم امو ر،علاقائی و عالمی معاملات، ادارہ جاتی تعاون کے علاوہ تجارت،سرمایہ کاری اور دیگر شعبوں میں باہمی تعلقات کو مزید فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ قطر کے ساتھ دوستانہ تعلقات کو اہم سمجھتے ہیں۔ دونوں ملکوں نے مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔ کرونا وبا کے باعث عالمی و علاقائی سطح پر غیر معمولی صورتحال پیدا ہوئی ہے اور اس وبا پر قابو پانے کیلئے عالمی سطح پر مل کر کوششیں کرنے کی ضرورت ہے۔حکومت وائرس پر قابو پانے کیلئے ہر ممکن کوششیں کر رہی ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ عالمی معیشتوں پر وبا کے منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں تاہم معاشی سرگرمیوں کو جاری رکھنے کیلئے مشترکہ لائحہ عمل اپنانے کی اہمیت بڑھ گئی ہے۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان سرمایہ کاری کیلئے ساز گار ماحول فراہم کرتا ہے اور خاص طور پر گوادر میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ قطر کے سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقعوں سے استفادہ کر سکتے ہیں۔چیئرمین سینیٹ نے تجویز دی کہ توانائی، انفراسٹرکچر، کان کنی اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری سے معاشی سرگرمیوں کو تیز کیا جا سکتا ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی افواج کے مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں نے خطے کے امن کو داؤ پر لگا دیا ہے۔ پاکستان ایک پر امن ملک ہے اور تنازعات کا پر امن حل چاہتا ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان اور قطر کے مابین قریبی برادرانہ تعلقات نہایت اہمیت کے حامل ہیں۔پاکستان برادرانہ تعلقات کو مضبوط سیاسی اور اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنے کیلئے پر عزم ہے اورخطے میں کاروبارکیلئے سب سے زیادہ سرمایہ کار دوست اور آزاد پالیسیز رکھنے والا ملک ہے۔

اس موقع پر قطر کے سفیر نے کہا کہ قطر پاکستان کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ قطر کے سفیر نے پارلیمنٹ میں استقبال پر چیئرمین سینیٹ کا شکریہ ادا کیا۔ چیئرمین سینیٹ نے قطر کے سفیر کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں