پاکستان اور ویسٹ انڈیز دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں آج مدمقابل ہوں گے

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان چار ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کا دوسرا میچ آج گیانا میں کھیلا جائے گا۔ پاکستانی وقت کے مطابق میچ رات 8 بجے شروع ہوگا۔

دونوں ٹیموں کے سیریز کا پہلا میچ بارش کی وجہ سے منسوخ کردیا گیا تھا۔ پہلے میچ کی طرح آج کے میچ میں بھی بارش کا امکان ہے۔

پاکستانی ٹیم بابر اعظم کی قیادت میں میدان میں اترے گی جبکہ ویسٹ انڈیز کی کپتانی کیرون پولارڈ انجام دیں گے۔پہلے میچ میں پاکستانی پیسرز کی جانب سے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا گیا تھا۔ محمد وسیم جونیئر نے گزشتہ میچ میں ڈیبیو کیا تھا اور کرس گیل کی وکٹ حاصل کی تھی۔ امکان ہے کہ ٹیم انتظامیہ دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کرے گی۔

دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا تیسرا اور چوتھا ٹی ٹوئنٹی یکم اگست اور 3 اگست کو گیانا میں ہی کھیلا جائے گا۔ ٹی ٹوئنٹی سیریز کے بعد دونوں ٹیمیں دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں مدمقابل آئیں گی۔ سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ 12 سے 16 اگست جبکہ دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 20 سے 24 اگست تک جمیکا میں کھیلا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں