پاکستان افغان عوام کے ساتھ کھڑا ہے، ہرممکن مدد کریں گے، آرمی چیف

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان افغانستان کے ساتھ وسیع البنیاد تعلقات چاہتا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے افغان وفد کی ملاقات ہوئی جس میں افغانستان کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق افغان وفد میں صلاح الدین ربانی، محمد یونس قانونی، استاد محمد کریم خلیلی، احمد ضیاء مسعود، احمد ولی مسعود و دیگر شامل تھے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ افغان وفد نے افغانستان کے مستقبل کے لیے اپنے خیالات کا اظہار کیا جبکہ افغان وفد نے افغانستان کے امن و استحکام و سماجی ومعاشی ترقی کے لیے پاک فوج کی انتھک کاوشوں و کردار کو بھی تسلیم کیا اور سراہا۔

ملاقات میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان افغان عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے مزید کہا کہ پاکستان افغانستان کے ساتھ وسیع البنیاد تعلقات چاہتا ہے، سب کی شمولیت پر مشتمل تصفیے کے لیے افغانستان کی مدد کرنا چاہتے ہیں جو خطے کے امن و استحکام کے لیے اہم ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں