وزیر جنگلات محمد سبطین خان کاا یسٹرن بائی پاس پر پودے لگانے کی تقریب سے خطاب

وزیر جنگلات محمد سبطین خان نے بچوں کے ساتھ مل کر تبدیلی کا نعرہ لگا دیا۔ انہوں نے کہا ہے کہ تبدیلی آ نہیں رہی، تبدیلی آ گئی ہے۔ ہم پلوشن فری پنجاب کی طرف جا رہے ہیں۔ وزیر اعظم کی ہدایت پر ٹین بلین ٹری پروگرام کا ہدف 46 کروڑ سے بڑھا کر 50 کروڑ کر دیا گیا ہے۔ وہ ایسٹرن بائی پاس پر پودے لگانے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر انہوں نے بچوں کے ساتھ ملکر شجرکاری میں حصہ لیا اور پودے لگاتے بچوں کی حوصلہ افزائی کی۔

انہوں نے کہا کہ کلائمیٹ چینج کے اثرات نسلوں پر پڑ رہے ہیں۔ اس مناسبت سے شجرکاری مہم نیشنل ڈرائیو ہے جس میں تمام شعبے شجرکاری میں ہمارے ساتھ شامل ہو رہے ہیں۔ سبطین خان نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت پہلی حکومت ہے جس نے شجرکاری پر سنجیدگی اختیار کی۔ سبطین خان نے اس یقین کا بھی اظہار کیا کہ ہمارے لگائے گئے درختوں کے سائے سے استفادہ کرنے والے ہمارے لئے صدقہ جاریہ ثابت ہوں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اپنی نسلوں کو شجرکاری کی اہمیت محسوس کروانے کی ضرورت ہے۔ اس تناظر میں محکمہ جنگلات یکم جون سے 31 اگست تک 6 کروڑ پودے لگا رہا ہے جبکہ شجرکاری مہم کے ہر پودے کا ریکارڈ محکمہ جنگلات کے پاس موجود ہے۔ انہوں نے آئندہ 2 سالوں میں خوبصورت گرین پنجاب دینے کا وعدہ کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ حکومتوں میں بے دردی سے درختوں کو کاٹا گیا لیکن اب جلد واضح ماحولیاتی فرق دیکھائی دے گا۔  

اپنا تبصرہ بھیجیں