والدین چاہتے ہیں کہ اسکول بند نہ ہوں تو طلبہ کی ویکسینشن کرائیں، وزیر تعلیم سندھ

کراچی: سندھ کے وزیر تعلیم سید سردار شاہ نے کہا ہے کہ اگر والدین چاہتے ہیں کہ اسکول بند نہ ہوں تو نویں سے بارھویں تک کے طلبہ کی ویکسینشن کرائیں۔ انہوں نے کہا کہ پیر سے تمام اسکولوں میں ویکسینیشن مہم شروع کرنےکا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں ںے یہ بات اپنی زیر صدارت منعقدہ ڈائریکٹوریٹ آف پرائیوٹ انسٹی ٹیوشن اینڈ رجسٹریشن کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

پاکستان پیپلزپارٹی سے تعلق رکھنے والے صوبائی وزیر تعلیم سید سردار شاہ نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک میں ویکسینیشن سے زندگی معمول پر آئی ہے۔

وزیر تعلیم کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ والدین سے بچوں کو ویکسین لگانے کے لیے رضامندی سرٹیفکیٹ لیے جائیں گے۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ ہوا کہ تمام والدین تنظیم، نجی اسکولز ایسوسی ایشن کو اعتماد میں لیا جائے گا۔ اجلاس میں طے کیا گیا کہ نجی اسکولز میں اساتذہ کی تنخواہیں بھی معلوم کی جائیں گی۔

وزیر تعلیم سید سردار شاہ نے واضح طور پر کہا کہ صوبے میں نجی اسکولز کے اساتذہ کو تنخواہیں مزدور کی کم از کم مقررہ تنخواہ کے مساوی دینا ہوگی۔

صوبائی وزیر تعلیم نے واضح طور پر کہا کہ نجی اسکولز کو اس بات پہ بچوں کو نکالنے کی اجازت نہں دوں گا کہ ان کے والدین کی جانب سے فیسوں کی ادائیگی میں تاخیر ہوئی ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ نجی اسکول والون کے لیے لازمی ہے کہ وہ 10 فیصد بچوں کو مفت تعلیم دیں۔

صوبائی وزیر تعلیم سید سردار شاہ نے کہا کہ قانون کے مطابق نجی تعلیمی اداروں میں سندھی زبان لازمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نجی اسکولوں کے اساتذہ کو سندھی پڑھانے کی ٹریننگ لینگویج اتھارٹی دے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ چاہتے ہیں کہ سندھی زبان سے ہم آہنگی پیدا ہو۔

اپنا تبصرہ بھیجیں