نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ڈرائیو تھرو ویکسی نیشن سینٹر کا افتتاح کردیا گیا

کراچی : نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ڈرائیور تھرو کووڈ ویکسینیشن کا افتتاح کردیا گیا ، وزیر صحت سندھ کا کہنا ہے کہ اس سینٹر پر تمام ویکسینز دستیاب ہیں، کراچی کے شہری اس سہولت سے فائدہ اٹھائیں۔


تفصیلات کے مطابق وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذار پیچوہو نے وزیر اطلاعات سعید غنی کے ہمراہ نیشنل اسٹیڈیم میں ڈرائیور تھرو کووڈ ویکسینیشن کا افتتاح کردیا، اس موقع پر پارلیامانی سیکریٹری برائے صحت قاسم سومرو، سیکریٹری صحت سندھ کاظم جتوئی، ایچ بی ایل اور پی سی بی کے نمائندے بی موجود تھے۔

وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو کا کہنا ہے کہ کراچی کے شہری اس سہولت سے فائدہ اٹھائیں، اس سینٹر پر تمام ویکسینز دستیاب ہیں۔

ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے مزید کہا کہ اسپتالوں میں داخل ہونے والے کرونا متاثرہ مریضوں میں 90 فیصد وہ لوگ ہیں جنہوں نے ویکسین نہیں لگوائی ہوئی، جو لوگ ویکسین نہیں کروائیں گے وہ اپنے اور اپنے گھروالوں کی جان کے لیے خطرہ ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جب تک 80 فیصد لوگوں کو ویکسین نہیں لگ جاتی ہم معمول کی زندگی طرف نہیں لوٹ سکتے ، اسپتالوں میں فی الحال جگہ کی کمی کی خبریں غلط ہیں، ہمارے پاس کرونا متاثرہ مریضوں کے اعلاج کے لیے وسائل دستیاب ہیں۔

وزیر صحت سندھ نے کہا کہ محکمہ صحت نے تمام تر مشکلات اور چیلینجز کے باوجود بہتر حکمت عملی کے ساتھ کام کیا ہے، کراچی کی کچی آبادیوں میں بھی موبائل ویکسینیشن سہولت شروع کی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ویکسین کے لیے شناختی کارڈ نہ ہونے کی صورت میں اسپیشل رجسٹریشن سسٹم متعارف کروا دیا گیا ہے، اسپیشل رجسٹریشن والوں کو سنگل ڈوز کینسینو ویکسین لگائی جائے گی۔

ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے مزید کہا کہ شناختی کارڈ نہ ہونے کی صورت میں خاندان کے کسی اور فرد کے شناختی کارڈ پر بھی ویکسین کی جا رہی ہے، 24 گھنٹے ویکسین کی سہولت کی وجہ سے آفیس یا کاروباری افراد کو فائدہ ہوا ہے، عوام ویکسین کے سلسلے میں سندھ حکومت کی طرف سے دی گئی سہولت سے فائدہ اٹھائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں