پاکستان ریلویز نے موسم سرما کیلئے ٹرینوں کا نیا ٹائم ٹیبل جاری کردیا ہے، جو 15 اکتوبر سے نافذ العمل ہوگا۔
ریلویز کی پریس ریلیز میں دیئے گئے نئے ٹائم ٹیبل کے مطابق ملت ایکسپریس (17 اپ/18 ڈاؤن) کو جہانیاں اور دنیاپور ریلوے اسٹیشن پر اسٹاپ کرنے کی اجازت دیدی گئی ہے جبکہ مختلف اسٹیشنوں پر اپ اینڈ ڈاﺅن کی 9 ٹرینوں کے اسٹاپ ختم کردیئے گئے ہیں۔
جن ٹرینوں کے اسٹاپ ختم کئے گئے ان میں خیبر میل (2ڈاؤن) کا خیرپور ریلوے اسٹیشن، بہاء الدین زکریا ایکسپریس (25 اپ/26 ڈاؤن) کا سرہاری ریلوے اسٹیشن، اٹک پسنجر (201 اپ/202 ڈاؤن) کا سوہان برج ریلوے اسٹیشن، جنڈ پسنجر (203 اپ/ 204 ڈاؤن) کنجور ریلوے اسٹیشن اور موہنجو داڑو پسنجر (213 اپ/ 214 ڈاؤن) کا انرپور، بڈھا پور، گوپانگ، کھنوٹ، منجند، سن، بوبک روڈ، خدا آباد شامل ہیں۔
پاکستان ریلویز کے مطابق اس طرح ملت ایکسپریس (17 اپ/ 18 ڈاؤن) کا ملتان سے روٹ تبدیل کرکے براستہ لودھراں۔ جہانیاں، خانیوال سے کراچی کردیا گیا ہے، دھابیجی اور میرپور خاص کے درمیان شاہ لطیف ایکسپریس (151 اپ/152 ڈاؤن) کو بحال کردیا گیا ہے۔
ریلویز نے 2 اپ اور ایک ڈاﺅن ٹرین کی روانگی کے اوقات کار میں بھی تبدیلی کردی ہے، نئے اوقات کے مطابق مہران ایکسپریس (150 ڈاؤن) میرپور خاص سے صبح 5 بجے چلنے کے بجائے 5 بجکر 45 منٹ پر روانہ ہوگی، اٹک پسنجر (201 اپ) ماڑی انڈس سے صبح ساڑھے 3 بجے کی بجائے 3 بجے روانہ ہوگی اور موہنجوداڑو ایکسپریس (213 اپ) کوٹری سے صبح 7 بجے کی بجائے صبح 10 بجکر 15 منٹ پر روانہ ہوگی.