مغربی سرحدوں پر ہر طرح کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں ، آرمی چیف

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ مغربی سرحدوں پر ہر طرح کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ پارلیمنٹ کی کشمیر، قومی اسمبلی و سینیٹ کے دفاع سے متعلق قائمہ کمیٹیوں پر مشتمل وفد نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا جس میں پارلیمانی وفد کو سیکورٹی ماحول، سرحدوں کی صورتحال اور پاک فوج کی امن و استحکام کی کوششوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پارلیمانی وفد کا آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے ساتھ گفت و شنید کا طویل سیشن ہوا جس میں آرمی چیف نے کشمیر کاز اور کشمیری عوام کے لیے پاک فوج کی حمایت و عزم کا اعادہ کیا۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پارلیمانی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قوم کی حمایت سے مسلح افواج نے دہشت گردی کی جنگ میں مثالی کامیابیاں حاصل کی ہیں ، مسلح افواج کی کامیابیوں سے ملک میں حالات نارمل ہوئے ، مغربی سرحدوں پر بارڈر مینجمنٹ کے ہمارے بروقت اقدامات سے الحمدللہ چیلنجز کے باوجود پاکستان کی سرحدیں محفوظ ہیں۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ خطے کی پائیدار ترقی کے لیے افغانستان میں امن کی بحالی اہم ہے ، دنیا جان لے کشمیر کے پرامن حل کے بغیر امن و استحکام ممکن نہیں ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں