معیاری فنی تعلیم کو فروغ دیکر بےروزگاری کے مسائل پر قابو پائیں گے

صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ معیاری فنی تعلیم کو فروغ دیکر غربت اور بے روزگاری کے مسائل پر قابو پائیں گے۔

میاں اسلم اقبال پنجاب اسکلز ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے آفس پہنچے جہاں ڈی جی پی ایس ڈی اے معظم اقبال سیپرا نے ٹیکنیکل اور ووکیشنل اداروں کی آن لائن رجسٹریشن کے بارے میں بریفنگ دی۔

صوبائی وزیر اسلم اقبال نے اس حوالے سے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ٹیکنیکل ایجوکیشن کو سٹریم لائن کرنے کے لئے ڈیجیٹل نظام متعارف کرایا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس جدید نظام کے تحت نجی و سرکاری تکنیکی تعلیمی اداروں کی پی ایس ڈی اے میں آئن لائن رجسٹریشن جاری ہے۔

میاں اسلم اقبال نے کہا کہ درخواست جمع کرانے سے لیکر رجسٹریشن سرٹیفکیٹ کے اجراء تک مکمل خود کار نظام بنایا گیا ہے، اب تک 1288 اداروں نے رجسٹریشن کے لئے آن لائن درخواستیں دی ہیں۔

انکا کہنا ہے کہ 1007 درخواستوں کی چانچ پڑتال کا عمل مکمل ہوچکا ہے اور 30 اداروں کو رجسٹریشن سرٹیفکیٹ جاری کیے جاچکے ہیں۔

صوبائی وزیر اسلم اقبال نے کہا کہ فنی تعلیم کے اداروں کو پنجاب سکل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی چھتری تلے لایا جارہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہنر مند افرادی قوت کی تیاری پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی ہے۔

میاں اسلم اقبال نے ہدایت کی کہ اداروں کی رجسٹریشن کے عمل میں شفافیت اور معیار کا خاص خیال رکھا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں