معروف کرکٹر اور سابق کپتان محمد یوسف آج 47 سال کے ہوگئے

معروف کرکٹر اور سابق کپتان محمد یوسف آج اپنی 47ویں سالگرہ منارہے ہیں۔

محمد یوسف 27اگست 1974ء کو لاہور میں پیدا ہوئے ان کا پرانا نام یوسف یوحنا تھا لیکن پھر دین اسلام کی تعلیمات سے متاثر ہو کر وہ سال2005ء میں دائرہ اسلام میں داخل ہوگئے۔

محمد یوسف نے 1998ء میں انٹر نیشنل کرکٹ کیریئر کا آغاز کیا۔انہوں نے 2005ء میں اسلام قبول کرنے کے بعد ان پر فتوحات اور شہرت کے دروازے کھلتے چلے گئے۔

محمد یوسف نے سال 2006 میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک سال کے دوران ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ اپنے نام کیا۔ محمد یوسف نے 1,788 رنز بنا کر ویسٹ انڈیز کے سر ویو رچرڈز کا 30 سال پرانا ریکارڈ توڑا تھا۔

ان کے 1,788 رنز میں 9 سنچریاں اور 3 نصف سنچریاں شامل تھیں۔ محمد یوسف نے یہ ریکارڈ 11 ٹیسٹ میچز کھیل کر قائم کیا جو کہ آج 15 سال بعد بھی برقرار ہے۔ سر ویو رچرڈز نے 11 میچز میں 1,710 رنز بنائے تھے جو کہ کسی کھلاڑی کی جانب سے ایک سال میں ٹیسٹ فارمیٹ میں سب سے زیادہ رنز تھے۔

اس وقت محمد یوسف نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں بطور بیٹنگ کوچ خدمات انجام دے رہے ہیں۔

محمد یوسف نے مجموعی طور پر 90 ٹیسٹ میچوں میں 52.29 کی بہترین ایوریج سے کھیلتے ہوئے 7530رنز بنائے جن میں 24 سنچریاں اور 33 نصف سنچریاں شامل ہیں۔انہوں نے 288ون ڈے میچوں میں 9720رنز بنائے جن میں 15سنچریاں اور 64نصف سنچریاںشامل ہیں۔ محمد یوسف نے اپنے کیریر میں صرف 3 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے جن میں انہوں نے مجموعی طورپر 50رنز اسکور کئے۔ محمد یوسف نے 29 مارچ 2010ء کو انٹرنیشنل کرکٹ کو خیرباد کہہ دیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں