مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد کا علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی پر کام کی پیش رفت کا جائزہ لینے کیلئے فیڈمک کے دفتر کا دورہ

اسلام آباد : مشیر برائے تجارت عبدالرزاق دائود نے سی پیک کے تحت بننے والے پنجاب کے پہلے میگا پراجیکٹ علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی پر کام کی پیش رفت کا جائزہ لینے کیلئے فیڈمک کے دفتر کا دورہ کیا،علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی کے منصوبہ فاسٹ ٹریک پر بنایا جا رہا ہے اور نئے صنعتی یونٹس کیلئے گیس ، بجلی ، پانی، سوک سنٹر اور بنیادی ڈھانچے کی سہولیات فراہم کر دی گئی ہیں۔

وزیر اعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق دائود نے سی پیک کے تحت بننے والے پنجاب کے پہلے میگا پراجیکٹ علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی پر کام کی پیش رفت کا جائزہ لینے کیلئے ہفتہ کو فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی (فیڈمک) کے دفتر کا دورہ کیا۔

چیئرمین فیڈمک میاں کاشف اشفاق نے مشیر تجارت کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ یہ منصوبہ وزیراعظم عمران خان کی واضح ہدایات پر فاسٹ ٹریک پر بنایا جا رہا ہے اور نئے صنعتی یونٹس کیلئے گیس ، بجلی ، پانی، سوک سنٹر اور بنیادی ڈھانچے کی سہولیات فراہم کر دی گئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ تقریبا 20 صنعتی یونٹوں نے اپنی پیداوار شروع کر دی ہے جو کہ علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی کے پہلے مرحلے کی ایک تہائی زمین پر محیط ہے جبکہ باقی زمین پر بھی سال کے آخر تک کام شروع کر دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے ایک حالیہ اجلاس کے دوران غیر ملکی اور مقامی سرمایہ کاروں کو صنعتی پلاٹوں کی الاٹمنٹ کے وقت کو کم سے کم کرنے اور انہیں ون ونڈو آپریشن کے ذریعے سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ یہ پراجیکٹ 3300 ایکٹر پر محیط ہے اور فاسٹ ٹریک پر مکمل کیا جا رہا ہے جس میں فرنیچر سٹی ، ایپرل پارک ، جدید کاروباری مرکز اور مقامی و غیر ملکی خریداروں کو راغب کرنے کے لیے پاک میڈ مصنوعات کی نمائش کے لیے بڑا ایکسپو سینٹر شامل ہے۔

میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ صنعتی پلاٹس برآمدی صنعتوں، درآمدات کی متبادل صنعتوں اور مقامی صنعتوں کو منتقل کرنے کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی شفاف پالیسی کے مطابق الاٹ کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم ملک کے مستقبل کے بارے میں بہت پر امید ہیں اور غیر ملکی اور مقامی سرمایہ کاروں کو بہترین ترغیبی و مراعاتی پیکیج دینے کے لیے پرعزم ہیں تاکہ قومی معیشت کو مضبوط اور معاشرے کے غریب طبقے کے حالات کو بہتر بنایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے صنعتی یونٹس کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے 500 میگا واٹ گرڈ اسٹیشن اور 40 ایم ایم سی ایف گیس کی منظوری دے دی ہے۔ مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد نے پراجیکٹ کی اب تک کی پیش رفت کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا اور چیئرمین فیڈمک میاں کاشف اشفاق کی لگن ،محنت اور قائدانہ صلاحیتوں کو سراہا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں