کراچی: قومی ویمن کرکٹر بسمہ امجد پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کی اکیڈمی میں سر پر گیند لگنے سے شدید زخمی ہوگئیں۔
رپورٹ کے مطابق پی سی بی ریجنل اکیڈمی سندھ میں ٹریننگ کیمپ کے دوران سر پر گیند لگنے سے بسمہ امجد زخمی ہوگئی تھیں۔
سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی اطلاعات کے مطابق زخمی ہونے کے بعد بسمہ کو فوری طور پر قریبی اسپتال لے جایا گیا جہاں ان کے علاج پر 54 ہزار روپے بل بن گیا تاہم بورڈ آفیشلز کی جانب سے بل کی ادائیگی سے انکار پر ویمن کرکٹر رونے لگیں جس پر کسی اور نے ان کا بل ادا کیا۔
سوشل میڈیا پر ہونے والی تنقید کے بعد اب پی سی بی کا ردعمل بھی سامنے آگیا ہے۔
Bisma Amjad suffered a concussion during a women’s training camp at the Sindh regional academy. The PCB, as a responsible organisation is continuing to look after her wellbeing as well as treatment expenses.
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) October 30, 2021
ٹوئٹر پر ایک بیان میں پی سی بی کی جانب سے تصدیق کی گئی ہے کہ سندھ ریجنل اکیڈمی میں خواتین کے تربیتی کیمپ کے دوران بسمہ امجد کو سر پر چوٹ لگ گئی تھی۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ وہ ایک ذمہ دار ادارے کے طور پر بسمہ امجد کی صحت اور علاج کے اخراجات کی دیکھ بھال کر رہا ہے۔