عمر شریف کی تدفین کے انتظامات عبداللّٰہ شاہ غازی قبرستان میں کیے جارہے ہیں، مرتضیٰ وہاب

ایڈمنسٹریٹر کراچی اور سندھ حکومت کے ترجمان و مشیر قانون سندھ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب عمر شریف کی رہائشگاہ پہنچے جہاں انہوں نے بتایا کہ عمر شریف کی خواہش کے مطابق ان کی تدفین کے انتظامات عبداللّٰہ شاہ غازی قبرستان میں کیے جارہے ہیں۔

ان کے ہمراہ وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی بھی عمر شریف کی رہائشگاہ پر موجود تھے۔

بیرسٹر مرتضیٰ وہاب اور سعید غنی نے عمر شریف کے صاحبزادے اور عزیز و اقارب سے ملاقات کی، جبکہ ان رہنماؤں نے عمر شریف کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار بھی کیا۔

اس موقع پر عمر شریف کے بیٹے سے گفتگو کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب اور سعید غنی نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں پوری قوم کے ساتھ ساتھ سندھ حکومت بھی آپ کے ساتھ ہے۔

مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ پارٹی قیادت اور وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت ہے کہ عمر شریف کی آخری رسومات میں کسی قسم کی پریشانی نہ ہو۔

انہوں نے بتایا کہ عمر شریف کی خواہش کے مطابق ان کی تدفین کے انتظامات عبداللّٰہ شاہ غازی قبرستان میں کیے جارہے ہیں۔

بیرسٹر مرتضی وہاب نے کے ایم سی کی طرف سے شہید ملت روڈ سے منسلک انڈر پاس کو عمر شریف کے نام سے منسوب کرنے کا بھی اعلان کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں