عمران خان کی رکن اسمبلی کی نا اہلی کے خلاف درخواست خارج

اسلام آباد ہائی کورٹ نے وزیراعظم عمران خان کو بطور رکن اسمبلی نااہل قرار دینے کی درخواست خارج کردی ہے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں بروز منگل 11 جنوری کو وزیرِ اعظم عمران خان کو بطور رکنِ اسمبلی نا اہل قرار دینے سے متعلق دائر درخواست کی سماعت ہوئی، چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے درخواست کی سماعت کی۔

مذکورہ درخواست لکی مروت کے رہائشی فدا اللہ کی جانب سے دائر کی گئی تھی۔

درخواست گزار فدا اللہ نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے سینیٹ الیکشن کے دوران بیان دیا کہ 16 ایم این ایز فروخت ہوئے۔

فدا اللہ نے وفاقی وزیر داخلہ کا بھی نام لیتے ہوئے کہا کہ شیخ رشید نے کہا کہ انہیں پتا ہے وہ کون لوگ ہیں، چیف جسٹس نے درخواست گزارکو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ عدالت میں سیاسی تقریرنہ کریں، قانونی حوالہ دیں۔

درخواست گزار فدا اللہ کا اپنی درخواست میں یہ بھی کہنا تھاکہ وفاقی وزیر شیخ رشید نے اس کی تصدیق کی اور کہا کہ ان کے خلاف کارروائی نہیں کر سکتے۔

آج ہونے والی سماعت کے دوران چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ اطہر من اللہ نے درخواست خارج کرتے ہوئے حکم دیا کہ اپنے حلقے کے ایم این اے سے کہیں کہ وہ اس سے متعلق پٹیشن دائر کریں۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ اطہر من اللہ نے درخواست ناقابلِ سماعت قرار دے کر اسے خارج کردیا۔

یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں اب تک عمران خان کے خلاف بطور وزیراعظم یہ تیسری درخواست دائر ہوئی تھی۔

اس سے قبل دو درخواستیں ناقابل سماعت قرار دی گئیں، جب کہ ایک درخواست کو درخواستگزار نے خود واپس لے لیا تھا.

اپنا تبصرہ بھیجیں