صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر قوم کے نام پیغام

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ملک کی سماجی اور معاشی ترقی میں اقلیتوں کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں اقلیتوں کو آئین ِ کے تحت تمام سیاسی ، معاشی اور سماجی حقوق حاصل ہیں ،حکومت ان کے حقوق کی حفاظت اور فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گی،

پاکستان کو ایک مضبوط اور خوشحال ملک بنانے کے لئے محبت ، رواداری ، بھائی چارے اور اتحاد کے جذبے کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔

اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان ہر سال 11 اگست کا دن اقلیتوں کی تعلیم ، سائنس ، عدلیہ ، سول سروسز اور دفاع سمیت دیگر شعبوں میں خدمات کے اعتراف میں “اقلیتوں کے دن “کے طور پر مناتا ہے ۔

اقلیتوں نے ملک کی سماجی اور معاشی ترقی میں قابل تعریف کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یہ کہتے ہوئے خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ پاکستان میں اقلیتوں کو آئین ِ پاکستان کے تحت ضمانت کردہ تمام سیاسی ، معاشی اور سماجی حقوق حاصل ہیں ۔

صدر مملکت نے کہا کہ ہمارا مذہب اسلام بھی اقلیتوں کے حقوق کو مکمل طور پر تسلیم کرتا ہے اور ان کے حقوق کی حفاظت کا بڑا حامی ہے۔ میثاقِ مدینہ میں بھی تمام مذہبی گروہوں کو یکساں مذہبی اور سیاسی حقوق کی ضمانت دی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے لیے مسلسل کوششیں کرتی رہی ہے۔

پاکستان نے آئین میں اقلیتوں کو فراہم کردہ حقوق کی عملی فراہمی کی نگرانی کیلئے قومی اقلیتی کمیشن کی تشکیل کی ہے۔ اسی طرح اقلیتوں کو ملک کی معاشی اور سیاسی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کے قابل بنانے کیلئے سرکاری ملازمتوں میں 5 فیصد کوٹہ کے ساتھ ساتھ پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں ان کیلئے الگ نشستیں مختص کیں۔ مزید برآں ، اقلیتی برادریوں کے طلباء اور ممبران کی تعلیم اور عبادت گاہوں کی دیکھ بھال کے لیے گرانٹ اور مالی امداد کی فراہمی کیلئے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

صدر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان اپنی اقلیتوں کے مذہبی ، سماجی ، سیاسی اور معاشی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے پرعزم ہے، میں تمام اقلیتی گروہوں کو یقین دلاتا ہوں کہ حکومت ان کے حقوق کی حفاظت اور فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ میں علماء اور میڈیا سے بھی اپیل کرتا ہوں کہ وہ لوگوں کو اقلیتوں کے حقوق کے بارے میں تعلیم دیں اور پاکستان کو ایک مضبوط اور خوشحال ملک بنانے کے لیے لوگوں میں محبت ، رواداری ، بھائی چارے اور اتحاد کے جذبے کو فروغ دیں.

اپنا تبصرہ بھیجیں