سینئر صحافی اور روزنامہ امت کے چیف ایڈیٹر رفیق افغان انتقال کرگئے ،کراچی پریس کلب کا اظہار افسوس

کراچی پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی، سیکرٹری محمد رضوان بھٹی،دیگر عہدیداروں و گورننگ باڈی کے ارکان نے نامور صحافی، روزنامہ امت،ہفت روزہ غازی اور ہفت روزہ تکبیر کے مدیر اعلی رفیق افغان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیاہے.
پیر کو کراچی پریس کلب سے جاری تعزیتی بیان میں کراچی پریس کلب کے عہدیداروں نے کہاکہ رفیق افغان ایک بہترین منتظم ہونے کے علاوہ نامور صحافی بھی تھے۔
انہوں نے تحقیقی صحافت میں بڑا نام پیدا کیاتحقیقاتی صحافت کے حوالے سے انہوں نے اپنا لوہا منوایا اس کے علاوہ کراچی کے مسائل، تعصبات کے خلاف عمر بھر قلمی محاذ پر سرگرم عمل رہے۔ انہوں نے کہاکہ رفیق افغان نے صلاح الدین شہید کے صحافتی مشن کو آگے بڑھانے میں عمر وقف کردی وہ پاکستان سے محبت رکھنے والے پختہ نظریاتی وابستگی پر کاربند صحافی تھے۔انہوں نے کہاکہ رفیق افغان نے پاکستانی صحافت میں اپنی قلمی اور انتظامی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔
کراچی بلکہ پاکستان آج ایک نڈر صحافی سے محروم ہوگیاہے۔ کراچی پریس کلب کے عہدیداروں اور گورننگ باڈی کے ارکان نے دعاکی کہ اللہ تعالی رفیق افغان مرحوم کی کامل مغفرت فرمائے، جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا کرے اور اہل خانہ سمیت روزنامہ امت کے تمام ورکرز کو صبر جمیل دے۔
واضح رہے کہ رفیق افغان گزشتہ ایک ہفتے سے کلفٹن کراچی کے ایک نجی اسپتال میں کورونا کی وجہ سے زیرعلاج تھے، طبعیت بگڑنے پر انہیں وینٹی لیٹر پر منتقل کیاگیا۔ پیر کی علی الصبح وہ اپنے خالق حقیقی سے جا ملے۔ انہوں نے پسماندگان میں بیوہ اور دو بیٹے حمزہ افغان اور اسدافغان کو سوگوار چھوڑا ہے۔
رفیق افغان پاکستان کے نامور صحافی، لکھاری اور ہفت روزہ تکبیر کے بانی صلاح الدین شہید کے داماد تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں