سچ ہمیشہ جھوٹ سے زیادہ طاقتور ہوتا ہے، برطانوی عدالت کا فیصلہ پاکستان کی جیت ہے، شہباز شریف

مسلم لیگ (ن) کے مرکزی صدر میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ برطانوی عدالت کے فیصلے پر سجدہ شکرادا کرتا ہوں۔

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف نے برطانوی عدالت کے فیصلے پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ برطانوی عدالت کا فیصلہ پاکستان کی جیت ہے۔

ن لیگ کے مرکزی قائد میاں نواز شریف کے بھائی شہباز شریف نے اس سلسلے میں مؤقف اپنایا ہے کہ سچ ہمیشہ جھوٹ سے زیادہ طاقتور ہوتا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق برطانوی عدالت نے شہباز شریف اور شریف خاندان کو منی لانڈرنگ کے الزامات سے بری کر دیا ہے۔

نمائندہ ہم نیوز نے اس سلسلے میں بتایا تھا کہ برطانوی عدالت نے شہباز شریف اور ان کے خاندان کے منجمد اکاؤنٹس بھی بحال کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ برطانوی کرائم ایجنسی نے منجمد بینک اکاؤنٹس کی رپورٹ ویسٹ منسٹر کورٹ میں جمع کرا دی۔

کورٹ میں جمع کرائی گئی رپورٹ کے مطابق شہباز شریف کے بینک اکاؤنٹس میں منی لانڈرنگ کا کوئی ثبوت سامنے نہیں آیا ہے اور 21 ماہ کی تحقیقات میں 20 سال کے مالی معاملات کا جائزہ لیا گیا۔

برطانوی ایجنسی نے حکومت پاکستان اور قومی احتساب بیورو (نیب) کی درخواست پر تحقیقات شروع کی تھیں۔ شہباز شریف کے بینک اکاؤنٹس دسمبر 2019 میں عدالتی حکم پر منجمد کیے گئے تھے۔

شہباز شریف اور سلیمان شہباز کے بینک اکاؤنٹس کو اعلیٰ درجے کی تحقیقات سے مشروط کیا گیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں