سندھ کے 22 اضلاع میں سات روزہ انسدادِ پولیو مہم کا آغاز

کراچی: چیف سیکریٹری سندھ سید ممتاز علی شاہ نے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلا کرخصوصی انسدادِ پولیو مہم کا آغاز کردیا۔تفصیلات کے مطابق چیف سیکریٹری سندھ کی زیر صدارت صوبائی ٹاسک فورس برائے انسدادِ پولیو کا اہم اجلاس سندھ سیکریٹریٹ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں بتایا گیا کے پورے ملک کی طرح سندھ صوبے میں بھی 7 روزہ انسدادِ پولیو مہم کا آغاز 2 اگست سے کیا جا رہا ہے اور اس خصوصی پولیو مہم میں صوبے کے 22 اضلاع میں 7.4 ملین بچوں کو پولیو وائرس سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔

اجلاس میں محکمہ صحت کی جانب سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ کورونا وائرس کو مدنظر رکھتے ہوئے پولیو ورکرز کو 535111 سرجیکل ماسک 63 ہزار 643 ہینڈ سینیٹائیزر دئیے گئے ہیں، صوبے کے 22 اضلاع میں 50 ہزار سے زائد پولیو ورکرز مہم کا حصہ بنیں گے۔ اجلاس میں مزید بتایا گیا کے اس مہم میں کراچی پر خاصی توجہ دی جا رہی ہے اور شہر کے مختلف 32 مقامات پر ہیلتھ کیمپ بھی لگائے جائیں گے۔


اجلاس میں چیف سیکریٹری سندھ نے ڈپٹی کمشنرز کو پولیو مہم کے مقرر کردہ 100 فیصد ہدف حاصل کرنے ہدایت کی ۔ چیف سیکریٹری سندھ نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ پولیو ورکرز کے ساتھ تعاون کرے اور پانچ سال تک کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے۔ امتیاز علی شاہ نے کہا کہ لاک ڈائون کی وجہ سے پولیو مہم متاثر نہیں ہوگی جبکہ لاک ڈائون کی وجہ سے والدین اور بچے گھروں پر ہونگے اور یہ صحیح وقت کے بچوں کو پولیو وائرس سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں