جنرل فیض پہلے انٹیلی جنس چیف نہیں جنہوں نے کابل کا دورہ کیا، فواد چوہدری

وفاقی وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ جنرل فیض پہلے انٹیلی جنس چیف نہیں جنہوں نے کابل کا دورہ کیا، امریکا، ترکی اور قطر کے چیف بھی دورہ کر چکے ہیں، بھارت اربوں ڈالر افغانستان میں لگانے کے باوجود تنہا ہو چکا ہے، آج نریندر مودی 92 سالہ حریت رہنما کی میت سے بھی خوفزدہ ہیں۔

لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ امریکی صدر نے بھی اب افغانستان کے سیاسی حل کی بات کی ہے جو پاکستان کا سالوں سے مؤقف ہے۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، ان کی لیڈر شپ سے قریبی تعلقات ضروری ہیں، بھارت کو بہت جلن ہو رہی ہے، اسے برنال ایکسپورٹ کرنے کی ضرورت ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت بھارت کی جانب سے سید علی گیلانی کی میت کی بے حرمتی کی مذمت کرتی ہے، کابینہ میں اسلام آباد سری نگر ہائی وے روڈ پر سید علی گیلانی کی یادگار بنانے کی تجویز رکھی جائے گی۔

ایک سوال کے جواب پر انہوں نے کہاکہ پی ڈی ایم ٹوٹ چکی ہے، شہباز، بلاول اور مریم چوں چوں کا مربہ بن گئے، اپوزیشن کو سمجھ نہیں آ رہی کس مسئلے پر کیا رائے دینی ہے، ابھی تک الیکشن کمیشن ممبران کے نام نہیں دیئے ہیں۔

فواد چوہدری نے یہ بھی کہا کہ انتخابی اصلاحات پر بھی ان سے بات کی کوشش کی لیکن اپوزیشن کی جانب سے سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کیا جا رہا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں