جشن آزادی نمائشی ہاکی میچز میں کسٹمز اکیڈمی کی کامیابی

اویس علی خان اور نعمان عالم کی ہیٹ ٹرک، اسسٹنٹ کلکٹر صمصام قادر شاہ نے انعامات تقسیم کئے

کراچی : پاکستان کی 74 ویں یوم آزادی کے موقع پر کسمٹز اسپورٹس کمپلیکس کی آسٹرو ٹرف پر نمائشی ہاکی میچز کا انعقاد کیا گیا، میچز الصغیر ہاکی کلب اور کسٹمز ہاکی اکیڈمی کی جونیئر اور سینئر ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے دونوں میچز میں کسمٹز اکیڈمی کی ٹیموں نے کامیابی حاصل کی، ان میچز کے مہمان خصوصی پاکستان کسٹمز کے اسسٹنٹ کلکٹر و سابق انٹرنیشنل کھلاڑی صمصام قادر شاہ اور سابق اولمپیئین قمر ابراھیم تھے جبکہ اولمپیئین کامران اشرف، سابق انٹرنیشنل محمد علی خان، عدنان اشرف ، مبشر مختار ،سمیر سلیم، عاصم احمد، مسرور جاوید، الصغیر ہاکی کلب کے روح رواں سید صغیر حسین، سیکریٹری عظمت پاشا ،عابد خلیل اور محمد افضل بھی موجود تھے، مہمان خصوصی نے دیگر مہمانوں کے ہمراہ جشن آزادی کا کیک بھی کاٹا.

اپنے خطاب میں صمصام قادر شاہ نے کہا کہ آزادی بہت بڑی نعمت ہے اسکی قدر کرنا ہر آزاد معاشرے پر لازم ہے جو قومیں آزادی کی قدر نہیں کرتیں وہ جلد دنیا کے نقشے سے مٹ جاتی ہیں پاکستان ہمیں عظیم قربانیوں کے نتیجے میں ملا 1947 میں ہمارے آبائواجداد نے لازوال قربانیاں دیں آج انہیں قربانیوں کی بدولت ہم آزاد معاشرے میں ترقی کی منازل پر گامزن ہیں ہمیں ان شہداء کو یاد رکھنا چاہیے اس دن زیادہ سے زیادہ ایونٹ کا انعقاد کیا جائے اور اپنے مستقبل کے معماروں کو ان عظیم ہستیوں کی قربانیوں نے بارے میں بتایا جائے اس موقع پر مہمان خصوصی چھوٹے بچوں میں گھل مل گئے انہیں ہاکی میں گر حاصل کرنے کی ٹپس بھی دیں.

علاوہ ازیں پہلا میچ جوکہ جونیئر کھلاڑیوں پر مشتمل الصغیر ہاکی اکیڈمی اور کسمٹز اکیڈمی کے مابین کھیلا گیا تھا کسٹمز اکیڈمی نے ایک گول سے جیت لیا میچ کا واحد گول محمد حسین نے میچ کے 45 ویں منٹ میں اسکور کیا، جبکہ سینیئرز کے مابین کھیلے گئے دوسرے میچ میں کسٹمز اکیڈمی نے چھے کے مقابلے میں سات گول سے کامیابی حاصل کی، دلچسپ اور سنسنی خیز میچ کی خاص بات فاتح ٹیم کے رائٹ آئوٹ اویس علی خان اور الصغیر ہاکی کلب کے سینٹر فارورڈ نعمان عالم کا عمدہ کھیل تھا دونوں کھلاڑیوں نے ہیٹ ٹرک بنائیں، کسٹمز اکیڈمی کے بقیہ چار گول نعمان ذاکر، عاصم احمد، وسیم اسلم اور عثمان اشرف نے بنایے جبکہ الصغیرکلب کی جانب سے بقیہ تین گول سلمان خورشید، سلمان چوہدری اور فیصل جاوید نے اسکور کئے. آخری میں مہمان خصوصی نے انعامات تقسیم کئے.

اپنا تبصرہ بھیجیں