جاپان میں‌کورونا وائرس کی نئی قسم ‘مو’ کے کیسز کی تصدیق

جاپان میں ویکسین کی فراہم کردہ قوت مدافعت سے بچنے والی کرونا وائرس کی متغیر قسم مُو کی تصدیق ہوئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق جاپان کی وزارت صحت نے کہا ہے کہ کرونا وائرس کی نئی متغیر قِسم مُو کے پہلے انفیکشنز کی تصدیق ہو گئی ہے، اس نئی متغیر قسم کو اُس درجے میں رکھا گیا ہے جس میں ڈبلیو ایچ او دل چسپی رکھتا ہے۔وزارت صحت کے مطابق دو ایئر پورٹس پر قرنطینہ مراکز میں نئے کرونا وائرس ٹیسٹ کا نتیجہ مثبت آنے والے دو مسافر متغیر قِسم مُو سے متاثرہ پائے گئے ہیں۔

یہ متغیر قِسم جنوبی امریکا اور یورپ میں پائی جا چکی ہے، عالمی ادارۂ صحت نے کہا ہے کہ متغیر قِسم مُو میں ایسی تبدیلیاں ہوئی ہیں جو ویکسین کی فراہم کردہ قوت مدافعت سے بچنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔عالمی ادارۂ صحت نے پیر کے روز متغیر قِسم مُو کو دل چسپی کی حامل متغیر اقسام کی اپنی فہرست میں شامل کر لیا ہے۔

جاپانی وزارتِ صحت کے حکام نے جمع کیے گئے نمونوں میں جینیاتی ساخت کا جائزہ لیا تھا، اُنھوں نے پتا لگایا کہ جون کے اواخر میں متحدہ عرب امارات سے ناریتا ہوائی اڈے پہنچنے والی 40 سالہ ایک خاتون اور جولائی کے اوائل میں برطانیہ سے ہانیدا ایئر پورٹ پہنچنے والی 50 سالہ ایک خاتون متغیر قِسم مُو سے متاثرہ تھیں۔

قومی انسٹیٹیوٹ برائے وبائی امراض کے ڈائریکٹر جنرل واکِیتا تاکاجی نے ڈیٹا جمع کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے، اُنھوں نے کہا کہ کئی طرح کی متغیر اقسام کی تصدیق ہو رہی ہے لیکن اُن اقسام پر توجہ مرکوز کی جانی چاہیے جو دیگر کے مقابلے میں زیادہ متعدی ہیں۔ڈبلیو ایچ او کے مطابق، اس نئی متغیر قِسم کی سب سے پہلے جنوری میں کولمبیا میں شناخت ہوئی تھی، لیکن اس کے بعد سے کم از کم 39 ممالک میں اس کی تصدیق ہو چکی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں