بیرسٹر سلطان محمود آزاد کشمیر کے 28ویں صدر کا حلف آج اٹھائیں گے

نومنتخب صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری آزاد کشمیر کے 28ویں صدر کا حلف آج اٹھائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق حلف برداری کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں تقریب ہیلی پیڈگراؤنڈ نزد ہائی کورٹ چھتر منعقد ہو گی، چیف جسٹس آزاد جموں وکشمیر سپریم کورٹ جسٹس راجہ سعید اکرم منتخب صدر سے ان کے عہدے کا حلف دوپہر تین بجے لیں گے۔

ذرائع کے مطابق آزاد کشمیر کے آئین کے آرٹیکل 5 کے تحت صدر کا انتخاب عمل میں لایا جاتا ہے، موجودہ صدر سردار مسعود خان کی مدت 24 اگست کو ختم ہو چکی ہے، آزاد کشمیر کے پہلے صدر سردار ابراہیم خان سب سے زیادہ 4 مرتبہ صدارت کے منصب پر فائز رہے۔

اس کے علاوہ سردار عبدالقیوم خان 3 مرتبہ آزاد کشمیر کے صدر کے عہدے پر فائز رہے، آزاد کشمیر کے 27 صدور میں سے 6 قائم مقام صدر کی حیثیت سے اس عہدہ پر فائز رہے۔

واضح رہے کہ آئین کے تحت اگر کوئی رکن اسمبلی صدر کے عہدے کا الیکشن لڑنا چاہے تو پہلے اسمبلی رکنیت سے استعفیٰ دینا پڑے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں