بیرسٹر سلطان محمود آزاد کشمیر کے صدر منتخب

بیرسٹر سلطان محمود چوہدری آزاد کشمیر کے صدر منتخب ہو گئے۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے امیدوار بیرسٹر سلطان محمود چوہدری آزاد کشمیر کے 28 ویں صدر منتخب ہو گئے۔ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے 34 ووٹ حاصل کیے جبکہ ان کے مدمقابل متحدہ اپوزیشن کے امیدوار میاں عبدالوحید نے 16 ووٹ حاصل کیے۔

موجودہ صدر مسعود خان 24 اگست کو اپنی پانچ سالہ صدارتی مدت پوری کریں گے جس کے بعد سلطان محمود حلف اٹھائیں گے۔بیرسٹر سلطان محمود کی پوزیشن پہلے ہی مضبوط تھی، ان کو مسلم کانفرنس کے سردار عتیق اور جموں و کشمیر پیپلزپارٹی کے حسن ابراہیم کی بھی حمایت حاصل تھی۔

قانون ساز اسمبلی میں پی ٹی آئی کے 32، پاکستان پیپلز پارٹی کے 11، مسلم لیگ نوازکے 7، آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس اور جموں و کشمیر پیپلزپارٹی کا ایک ایک ووٹ تھا۔ بیرسٹر سلطان محمود ایل اے 3 میرپور سے رکن اسمبلی منتخب ہوئے۔ صدر منتخب ہونے پر وہ اسمبلی سیٹ چھوڑ دیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں