این سی او سی کی بدولت پاکستان کورونا کی چوتھی لہر کا مقابلہ کر رہا ہے، فواد چوہدری

فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ آج این سی او سی کی کاوشوں کی بدولت پاکستان کورونا کی چوتھی لہر کا بھی کامیابی سے مقابلہ کر رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات  فوادچوہدری حسین نے این سی او سی کے قیام کے 500 دن مکمل ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے اپنے قیام سے لے کر اب تک کورونا وباءسے نمٹنے کے لئے سائنسی اور زمینی حقائق کو مدنظر رکھ کر فیصلے کئے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے وژن اور این سی او سی کی گائیڈ لائنز پر عمل پیرا ہوتے ہوئے حکومت نے سمارٹ لاک ڈاﺅن کی ایک متوازن حکمت عملی اپنائی جس کا محور غریب اور دیہاڑی دار طبقہ تھا، اگر ملک میں مکمل لاک ڈاؤن مرتب نہ کیا جاتا تو اس کے بھیانک نتائج ہوسکتے تھے، آج این سی او سی کی کاوشوں کی بدولت پاکستان کورونا کی چوتھی لہر کا بھی کامیابی سے مقابلہ کر رہا ہے، آج ہمارے ہاں کورونا وائرس کی شرح دیگر ممالک کی نسبت بہت کم ہے۔

فواد چوہدری کا  مزید کہنا ہے کہ سمارٹ لاک ڈاﺅن کی حکمت عملی کی پوری دنیا نے تعریف کی ہے، ہم نے کورونا وباءکا بھی مقابلہ کیا اور اپنی معیشت کو بھی مضبوط بنایا ہے، کورونا کے محاذ پر حاصل ہونے والی کامیابیاں این سی او سی کی انتھک کاوشوں اور دلچسپی کے باعث ممکن ہوئی ہیں جس پر این سی او سی کی پوری ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں