اینگرو کی حکومت سندھ کے تعاون سے پی آئی ڈی سی پل کی تزئین و آرائش

کراچی: اینگرو کو پاکستان کے بڑے کاروباری گروپوں میں سے ایک سمجھا جاتا ہے۔ اینگرو نے کراچی کی علامت پی آئی ڈی سی پل کی تزئین و آرائش کا کام انجام دیا ہے جو ڈاکٹر ضیاء الدین احمد روڈ اور مولوی تمیز الدین خان روڈ کے درمیان اہم رابطہ فراہم کرتا ہے۔پل کی تزئین و آرائش کا کام حکومت سندھ کے تعاون سے انجام دیا گیا ہے جس کا افتتاح وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر اور حال ہی میں مقرر کردہ کراچی کے ایڈمنسٹریٹر مرتضیٰ وہاب صدیقی نے آزادی کی 74ویں سالگرہ کے موقع پر کیا۔اِس موقع پر اینگرو کارپوریشن کے صدر غیاث خان، اینگرو انرجی لمٹیڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر، احسن ظفر سید اور اینگرو کی لیڈرشپ ٹیم کے دیگرارکان بھی موجود تھے۔

اینگرو اور حکومت سندھ کے تعاون سے کراچی کے مشہور پی آئی ڈی سی پل کی تزئین و آرائش کی افتتاحی تقریب کے موقع پر ایڈمنسٹریٹر کراچی، بیرسٹر مرتضی وہاب، اینگرو کارپوریشن کے صدر، غیاث خان اور اینگرو انرجی کے سی ای او احسن ظفر سید موجود ہیں۔

پی آئی ڈی سی پل کو چاند ماری یا لوَرز برج بھی کہا جاتا ہے اور اِس کی تاریخ تقسیم ہند سے پہلے بھی پائی جاتی ہے۔ اِس پل نے،نو آبادیاتی دور سے اب تک،کراچی شہر کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔پل کی پہلی تعمیر اْس وقت ہوئی جب شہر میں ریلوے کا نظام متعارف کرایا گیا اور جس کا مقصد اْس وقت کے نوتعمیر ویئر ہاؤسز اور آج کے تجارتی مرکز کے درمیان رابطہ فراہم کرنا تھا۔یہ پل اب بھی شہر میں ٹریفک کے لیے شہ رگ کی حیثیت رکھتا ہے۔

حالیہ تزئین و آرائش کے لیے ڈیزائن کی تیاری اور اْس پر عمل درآمد حکومت سندھ اور سی جی ڈی کنسلٹنگ کے تعاون سے کیا گیاہے۔ اسی کنسلٹنگ فرم نے جہانگیر پارک کی تزئین و آرائش اور ڈیزائن کا کام بھی کیا تھا۔پل کو اْس کے اصلی اور ماضی کی یاد دلانے والے پرانے فیچرز کے ساتھ بحال کرنے کی غرض سے تاریخی ڈیٹا سے کام لیاگیا ہے۔تزئین و آرائش کے نتیجے میں پی آئی ڈی سی پل اب نئی مضبوط باڑھ، خوبصورت کنگوروں اور ملکہ وکٹوریہ کے زمانے کے دلکش لیمپ پوسٹس اس کے ساختیاتی فیچر کو نمایاں کرتے ہیں۔

پی آئی ڈی سی پل کا افتتاح اور دورہ کرنے کے دوران کراچی کے ایڈمنسٹریٹر مرتضیٰ وہاب صدیقی نے کہا:”کراچی میں ایسے پل خاصی بڑی تعداد میں موجود ہیں جنھیں تقسیم سے پہلے تعمیر کیا گیا تھا اور یہ اب بھی کافی مضبوط ہیں اور نمایاں ثقافتی اہمیت کے حامل ہیں۔اِس دیرپا پل کی تزئین و آرائش حکومت سندھ نے پبلک-پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت کی ہے جس کا مقصد کراچی شہر کو خوبصورت اور جدید بنانا ہے۔ میں اِس پروجیکٹ کے لیے اینگرو کا شکرگزار ہوں کہ اْنھوں نے پروجیکٹ کے لیے راہنما کا کردار ادا کیا۔شہر میں،سال باسال کی بنیاد پر،ایسے پروجیکٹس کی فراہمی کا عوامی حکومت کے پاس طویل ریکارڈ ہے اور مجھے امید ہے کہ آئندہ مہینوں میں ہم مزید ایسے پروجیکٹس کراچی کے شہریوں کو فراہم کریں گے۔“

اِس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اینگرو کارپوریشن کے صدر، غیاث خان نے کہا:”اینگرو ہمیشہ اپنی کمیونٹیرز کے ساتھ پر عزم رہی ہے اور ہم اسے اپنی مورثی ذمہ داری محسوس کرتے ہیں کہ اپنے گرد موجود علاقوں کے لیے کام کریں۔کراچی میں اس علامتی پی آئی ڈی سی پل کی تزئین و آرائش کا پروجیکٹ یہ بات یقینی بنانے کی ایک کوشش ہے کہ ہم اپنے عوام کو خوبصورت اور مفید انفرااسٹرکچر فراہم کریں۔ نیا اور بہتر ڈیزائن نہ صرف پیدل چلنے والوں کو آمد ورفت میں سہولت فراہم کرے گا بلکہ گاڑیوں کی آمدورفت میں بھی ہمواری پیدا کرے گا اور اسی کے ساتھ اس علاقے کی خوبصورتی اور ثقافتی تنوع میں بھی اضافہ کرے گا۔“

اپنا تبصرہ بھیجیں